این اے 101 گوجرانوالہ سے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی افتخار چیمہ نااہل قرار، سپریم کورٹ کا حلقے میں د وبارہ الیکشن کرانے کا حکم

پیر 25 جنوری 2016 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء ) سپریم کورٹ نے این اے 101 گوجرانوالہ میں ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی جسٹس ریٹائرڈ افتخاراحمد چیمہ کو نااہل قرار دیتے ہوئے حلقے میں د وبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیدیا۔ پیر کوچیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے افتخار چیمہ کو نااہل قرار دینے سے متعلق درخواست کی سماعت کی ۔

جسٹس ریٹائرڈ افتخاراحمد چیمہ پر کاغذات نامزدگی میں اثاثہ جات کی تفصیلات چھپانے کا الزام تھا۔ مقابل امیدوار مسلم لیگ جونیجو کے احمد چٹھہ نے جسٹس ریٹائرڈ افتخار احمد کے خلاف نااہلی کی درخواست دی تھی۔درخواست میں کہا گیاکہ افتخار چیمہ نے کاغذات نامزدگی میں بنک ا کاونٹس سے متعلق حقائق کو چھپایا،دو ہزار نو سے دو ہزار تیرہ تک انکم ٹیکس ریکارڈ بھی جمع نہیں کروایا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی جسٹس (ر) افتخار چیمہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے اپنے تمام اثاثہ جات اپنی اہلیہ کے نام منتقل کر دیئے تھے اور کاغذات نامزدگی میں اپنے اور اپنی اہلیہ کے اثاثہ جات اور بینک اکاؤنٹس ظاہر نہیں کئے اور آرٹیکل 62،63 کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن افتخار چیمہ کو نااہل قرار دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی اور الیکشن کمیشن کو حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیدیا۔