قمر زمان چوہدری کااین آئی سی ایل کیلئے زمین کی خریداری کی قیمت کے تعین میں کوئی کردار نہیں ، قومی احتساب بیورو کے ترجمان کا وضاحتی بیان

پیر 25 جنوری 2016 21:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نے کہاہے کہ قمر زمان چوہدری کااین آئی سی ایل کیلئے زمین کی خریداری کی قیمت کے تعین میں کوئی کردار نہیں۔ پیر کو اپنے ایک وضاحتی بیان میں ترجمان نے کہاکہ این آئی سی ایل کے بارے میں میڈیا رپورٹس سے متعلق واضح کیا ہے کہ این آئی سی ایل کیلئے زمین کی خریداری کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان نے 18 مئی 2011ء کو پٹیشن نمبر 177-80/2011 میں سابق ایڈیشنل سیکرٹری تجارت قمر زمان چوہدری کی بے گناہی کے بارے میں واضح فیصلہ دیا ہے۔

عدالت نے کہا ہے کہ یہ سراسر تعصب پر مبنی مقدمہ ہے اور قمر زمان چوہدری اس مقدمے میں ملزم ثابت نہیں ہوئے، پورے ریکارڈ کاتفصلی جائزہ لینے کے بعد یہ ثابت ہوا ہے کہ قمر زمان چوہدری کااین آئی سی ایل کیلئے زمین کی خریداری کی قیمت کے تعین میں کوئی کردار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وہ اس وقت وزارت تجارت میں ڈائریکٹر تھے اس لئے ان کو زمین کی خریداری کیلئے کوئی کردار نہیں دیا گیا، ان پر الزامات جھوٹے ثابت ہوئے ہیں ان کو مورد الزام ٹھہرانا انصاف کے تقاضوں اور شفافیت پر مبنی نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے حالیہ درخواست احتساب عدالت میں جاری سماعت پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے واضح فیصلے کو احتساب عدالت کراچی میں پیش کیا جائے گا۔