وزیر اعلی گلگت بلتستان کا دورہ لندن انتہائی کامیاب رہا ،یہ دورہ انتہائی سود مند ثابت ہوگا

معاون خصوصی وزیر اعلی گلگت بلتستان فاروق میرکا بیان

پیر 25 جنوری 2016 23:03

لگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء) معاون خصوصی وزیر اعلی گلگت بلتستان فاروق میر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلی کا دورہ لندن انتہائی کامیاب رہا ہے اوریہ دورہ انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔ وزیر اعلی نے اپنے دورہ میں حکومت برطانیہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اہم نوعیت کے معاہدے کیئے ہیں جس سے گلگت بلتستان کے طلبا کو اعلی تعلیم کے حصول کے لیئے بیرون ملک سکالرشپس کے حصول میں آسانی پیدا ہوگی، علاوہ ازیں تعلیم کے شعبے میں ترقی کے لیئے اساتذہ کے لیئے تربیتی کورسز کے لیے بھی معاہدے پر دستخط کئے جا چکے ہیں جس سے معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

معاون خصوصی برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فاروق میر کا مزید کہنا تھا کہ جنگلات کے تحفظ کے حوالے سے کیا جانے والے معاہدہ بھی دور رس اہمیت کا حامل ہے جس کے ثمرات سے عوام کو بے حد فائدہ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی گلگت بلتستان کے دورہ برطانیہ سے بین الاقوامی سیاحت کو بھی نمایاں فروغ ملے گا اور آنے والے سالوں میں بین الاقوامی سیاحوں کی گلگت بلتستان آمد کو بڑھانے کے لیئے بھی انہوں نے اپنے دورے میں کوشش کی ہے اور اس طرح ملکی معیشت کو بھی خاطر خواہ فروغ ملے گا اور یوں گلگت بلتستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں مزید اجا گر کیا جا سکے گا۔

فاروق میر کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں سابقہ حکومت کے وزیر اعلی نے نے سیر سپاٹوں پر توجہ دی اور عوام کی بہتری کے لیئے کوئی کام نہیں کیا انکے کئے گئے دوروں سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں حاصل ہوا تھا اور نتیجہ صرف عوام کے پیسوں کا ضیاع تھا جس سے سرکاری خزانے پر بے جا بوجھ پڑا۔ وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کی علم دوست پالیسیوں کو بیرون ملک بھی سراہا جا رہا ہے اور اس کا اعتراف بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونیٹی نے بھی کیا اوران پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور آنے والے دنوں میں سیاحت، توانائی ،تعلیم اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادگی کا اظہار بھی کیا ہے۔

معاون خصوصی برائے وزیر اعلی نے کہا کہ اس علاقے میں سرمایہ کاری سے عوام کو روزگار کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے اور علاقے میں خوشحالی آئے گی۔