پیپلز پارٹی کا ملک بھرمیں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کا مطالبہ

منگل 26 جنوری 2016 15:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیدخورشیدشاہ نے آرمی چیف کے مقرر ہ وقت پر ریٹائر ہونے کے بیان کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے بیان سے فوج کا وقار بہت بلند ہوا ،ان کے فیصلے سے ثابت ہوا کہ وہ پاک فوج کے حقیقی سپاہی ہیں،نیشنل ایکشن پلان کے نام پر صرف سندھ میں کارروائی ہو رہی ہے، حکمرانوں کو اب اپنی ذمہ داری محسوس کرنا ہو گی،پیپلز پارٹی نے ملک بھرمیں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کیا ہے،سانحہ چارسدہ پر مودی نے تو مذمت کی لیکن وزیرداخلہ نے نہیں کی،اب کوئی شک و شبہ نہیں رہا کہ حکیم اللہ محسود کے مرنے پر وزیر داخلہ کو تکلیف ہوئی تھی،سانحہ اے پی ایس اور چارسدہ پرجوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو یہاں اپنے چیمبر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کررہے تھے۔قائد حزب اختلاف سیدخورشیدشاہ نے کہا کہ نیکٹا اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا ذمہ دار کون ہے؟ کیا دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑا گیا؟ نیشنل ایکشن پلان کے نام پر صرف سندھ میں کارروائی کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی نے ملک بھرمیں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول اور چارسدہ سانحہ پر جوڈشل کمیشن تشکیل دیا جائے جوڈیشل کمیشن سے متعلق صوبائی حکومت اقدام اٹھائے۔ خورشید شاہ نے کہاکہ سانحہ چارسدہ پر مودی نے مذمت کی لیکن وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نہیں کی،اب کوئی شک و شبہ نہیں رہا کہ حکیم اللہ محسود کے مرنے پر وزیرداخلہ کو تکلیف ہوئی تھی، وفاقی وزیر داخلہ تو پارلیمنٹ میں اظہار لاتعلقی کر چکے ، باچا خان یونیورسٹی میں طلباء کے والدین کی آنکھوں میں جلال دیکھ کر ڈر گیا، سانحہ چارسدہ سانحہ اے پی ایس سے کم نہیں ، وزراء کا یہ کہنا ہے کہ سید خورشید شاہ نے یہ کیوں کہا قابل افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کی مہربانی کہ اس نے بحث چھیڑی، بحث چھڑنے کی وجہ سے 10ماہ پہلے آرمی چیف کو واضح کرنا پڑا ورنہ اتنے پہلے اس اعلان کی ضرورت نہیں تھی،آرمی چیف کا بیان بہت اچھی روایت ہے۔اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا بیان انتہائی خوش آئند ہے، آرمی چیف کے بیان سے فوج کا وقار بہت بلند ہوا ہے جبکہ اس بیان کا مقصد قیاس آرائیوں کو ختم کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی باتوں سے پہلے ہی محسوس ہوتا تھا کہ وہ حقیقی سپاہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے طالع آزماؤں نے اس ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کیا اور بہت کم ایسے مراحل آئے کہ آرمی چیف نے مدت ملازمت میں توسیع نہیں لی،ہمیشہ ایک جرنیل مارشل لاء لگا کر قبضہ کر لیتا تھا ، ان حالات میں جنرل راحیل شریف کا توسیع نہ لینا ہم سب کیلئے فخر کی بات ہے۔

متعلقہ عنوان :