نجی سکولوں کو بلا کسی تاخیر کے سکیورٹی فراہم کی جائے،ادیب جاودانی

تمام پرائیویٹ سکولوں کی انتظامیہ کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ اپنی سکیورٹی کے انتظامات کرسکیں‘ ادیب جاودانی کی پر یس کا نفر نس

منگل 26 جنوری 2016 17:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ادیب جاودانی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی سکولوں کو بلا کسی تاخیر کے سکیورٹی فراہم کی جائے، منگل کے روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنا مطالبہ کئی بار پنجاب حکومت کو پیش کرچکے ہیں لیکن پنجاب حکومت اپنی زمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پرائیویٹ سکولوں کی انتظامیہ کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ اپنی سکیورٹی کے انتظامات کرسکیں۔ پرائیویٹ سکولوں کو بھی سکیورٹی کی فراہمی پنجاب حکومت کی زمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نجی سکولز مالکان کو مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے تنگ کرنا شروع کررکھا ہے جنہیں کئی ٹیکسوں کے نام پر اور کبھی فیسوں میں اضافہ کے نام پر پریشان کیاجارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب حکومت نے سکیورٹی کے نام پرنجی سکولز مالکان کا جینا محال کررکھا ہے آئے دن پولیس اہلکار سکولوں میں آکر انتظامات کو تنگ کررہے ہیں چادر اورچار دیواری کا بھرم بھی ختم ہوتا جارہا ہے۔ سکولز مالکان کو انکے خلاف مقدمات درج کرنیکی دھمکیاں دی جارہی ہیں ایسے حالات میں ان کے لیے سکولز چلانا مشکل ہوکر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے سکیورٹی کے نام پر سکولز مالکان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تووہ حکومت سے سکیورٹی کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کرنے پر مجبور ہونگے۔