این اے122 :الیکشن ٹریبونل نے دائر انتخابی عذر داری ناقابل سماعت قرار دیدی

فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آفس کے باہر لیگی کارکنوں کے بھنگڑے ،مٹھائیاں تقسیم

منگل 26 جنوری 2016 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 جنوری۔2016ء) الیکشن ٹربیونل نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے122 کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے الزام میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف تحریک انصاف کے ناکام اْمیدوار عبدالعلیم خان کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔قبل ازیں ا لیکشن ٹربیونل نے 22جنوری کو دائر انتخابی عذرداری کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

الیکشن ٹربیونل کے جج رشید قمرنے منگل کے روزمختصر فیصلہ سنایا۔الیکشن ٹربیونل کے رو برو تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نے دائر انتخابی عذرداری میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ تیس ہزار ووٹ غیر قانونی طور پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے122 کے ضمنی انتخاب میں منتقل کئے گئے ضمنی الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی ،انہوں نے انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت سردار ایاز صادق کے وکلا نے علیم خان کے وکلا کے تمام الزاما ت کو مسترد کر تے ہوئے موقف اختیار کیا کہ محض الزامات لگا کر نتائج کو کالعدم قرار نہیں دیا جاسکتا۔ این اے 122 کے ضمنی الیکشن دھاندلی نہیں ہوئی اور نہ ہی ووٹوں کو منتقل کیا گیا۔ سردار ایاز صادق کے وکیل نے ٹربیونل کو بتایا کہ تحریک انصاف کے ناکام امیدوار عبدالعلیم خان نے ووٹوں کی منتقلی کو جواز بنا کر بے بنیاد الیکشن پٹیشن دائر کی ہے۔

لہذا سپیکر کے خلاف دائر انتخابی عذر داری کو مسترد کیا جائے۔جس پر ٹربیونل نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعدبائیس جنوری کو درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیاتھا منگل کو ٹربیونل نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے عبدالعلیم خان کی جانب سے دائر انتخابی عذر داری ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی،،،ٹربیونل نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی ایک سو سینتالیس سے مسلم لیگ ن کے ناکام امیدوار محسن لطیف کی درخواست بھی ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔ٹربیونل کا حلقہ این اے 122 کافیصلہ آتے ہی مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے الیکشن کمیشن آفس کے باہر خوشی سے بھنگڑے ڈالے ،ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیں اور مٹھائیاں تقسیم کی گئی