Live Updates

الیکشن کمیشن کے بعض رویوں پرشدید تحفظات ہیں ، عمران خان ہنڈی کے ذریعے رقم پاکستان لائے ، اعتراف بھی کیا،الیکشن کمیشن کواس کے بعد کیا ثبوت چاہئیں، عمران خان کے بیرون ملک سے پارٹی کیلئے چندہ اکٹھا کرنے پر قانونی سوالات ہیں، تحریک انصاف 14 مرتبہ بہانوں سے مقدمہ ملتوی کروا چکی ہے ، اب عیاری سے مقدمے کو ہائی کورٹ لے گئی، عمران خان نے لوگوں کو دھوکہ دیا اور جھوٹ بولا،وہ قوم سے معافی مانگیں

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشیدکا پریس کانفرنس سے خطاب پریس کانفرنس میں عمران خان کی ہنڈی کے ذریعے رقم لانے بارے اعترافی بیان کی ویڈیو بھی دکھائی گئی

منگل 26 جنوری 2016 20:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ الیکشن کمیشن کے فیصلوں کا احترام کیا مگربعض رویوں پرشدید تحفظات ہیں، عمران خان ہنڈی کے ذریعے رقم پاکستان لائے اور انہوں نے اعتراف بھی کیا،الیکشن کمیشن کو عمران خان کے اعتراف کے بعد اب کیا ثبوت چاہئیں، عمران خان نے جس طرح بیرون ملک سے پارٹی کیلئے چندہ اکٹھا کیا اس پر قانونی سوالات ہیں، تحریک انصاف 14 مرتبہ بہانوں سے مقدمہ ملتوی کروا چکی اب عیاری سے مقدمے کو ہائی کورٹ لے گئی،خان صاحب نے لوگوں کو دھوکہ دیا اور جھوٹ بولا،اس پر وہ قوم سے معافی مانگیں کہ آئندہ ایسا جھوٹ نہیں بولوں گا۔

وہ منگل کو یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو ہمیشہ تسلیم کیا ہے مگر اس کے بعض رویوں پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جس طرح سے بیرون ملک سے پارٹی کیلئے چندہ اکٹھا کیا ہے اس پر قانونی سوالات ہیں، مگر اس مقدمے کے حوالے سے تحریک انصاف ٹال مٹول اختیار کر رہی ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ اب تک تحریک انصاف 14 مرتبہ بہانوں سے ملتوی کروا چکی ہے اور اب عیاری سے مقدمے کو ہائی کورٹ لے گئی، مالی عنوانی کے الزامات پر عمران خان 2سال تک الیکشن کمیشن میں حیلے بہانے کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہائی کورٹ کی آڑ میں مقدمے سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان اپنی صفائی میں الیکشن کمیشن کو کچھ پیش نہ کر سکے، ہائی کورٹ نے مقدمے میں کوئی حکم امتناعی نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اٹھائے گئے سوالات کا الیکشن کمیشن میں جواب دیں، ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے وکیل کے رویے سے ہمارے تحفظات پیدا ہوئے، الیکشن کمیشن کا وکیل عمران خان کے وکیل سے موقف کی حمایت کرتا رہا، الیکشن کمیشن اس مقدمے کو بلاتاخیر جلد از جلد نمٹائے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان حکومت گرانے میں ناکامی پر لوگوں کو فنڈز واپس کریں، 2011 کے مقابلے میں آج کا پاکستان بہتر ہے، عمران خان نے لوگوں کو دھوکہ دیا اور جھوٹ بولا، عمران خان قوم سے معافی مانگیں کہ آئندہ ایسا جھوٹ نہیں بولوں گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہنڈی کے ذریعے رقم پاکستان لائے اور انہوں نے اعتراف بھی کیا،الیکشن کمیشن کو عمران خان کے اعتراف کے بعد اب کیا ثبوت چاہئیں، ہم انصاف ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں اور یہ ہمارا قانونی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ الیکشن کمیشن اس کیس کا جلد از جلد فیصلہ کرے۔پریس کانفرنس میں عمران خان کی ہنڈی کے ذریعے رقم لانے کے بارے میں اعتراف کی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات