باچا خان یونیورسٹی پر دہشتگردی کا واقعہ قابل مذمت ہے،دہشتگرد ملک کے امن کو تباہ کرنے کے لیے گھناؤنے وار کر رہے ہیں

اہل سنت جامعہ اسلام آباد کے ترجمان محفوظ جلالی کا بیان

منگل 26 جنوری 2016 21:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) مرکز اہل سنت جامعہ اسلام آباد کے ترجمان محمد محفوظ جلالی اوراسلامک سٹوڈنٹس فیڈریشن کے میڈیا کوآرڈینیٹرمحمد طیب میلادی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ باچا خان یونیورسٹی پر دہشتگردی کے واقعہ کی پر زور مذمت کرتے ہیں ،باچا خان یونیورسٹی پر حملہ علم پر حملہ ہے مگر علم کی شمع کو پھونکوں سے نہیں بجھایا جا سکتا ،قوم کے حوصلے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پست نہ ہونگے ،ملک کو امن کا گہوارا بنانے کے لیے دہشتگردی جیسے عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے ، دہشتگرد ملک کے امن کو تباہ کرنے کے لیے گھناؤنے وار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت سکولوں، کالجوں اوریونیورسٹیوں کے ساتھ ساتھ دینی مدارس کی سیکورٹی کے معاملات پر خصوصی توجہ دے ، تعلیمی ادارے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں،سانحہ پشاور جیسے دلخراش واقعات سے ذمہ داران کو سبق سیکھ کر دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر صحیح معنوں میں عمل کرنے کی ضرورت تھی ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج کا بروقت جوابی کاروائی کر کے دشمن کو خاک میں ملانا قابل تحسین ہے جس سے باقیوں کی جان بچ گئی ۔