پرینکا چوپڑہ، اجے دیوگن اور انوپم کھیر کے لیے اعزاز

بدھ 27 جنوری 2016 12:11

پرینکا چوپڑہ، اجے دیوگن اور انوپم کھیر کے لیے اعزاز

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء)بھارت میں یوم جمہوریہ کے موقعے پر کئی معروف اداکاروں، کھلاڑیوں اور سرکردہ شخصیتوں کو اعلی شہری اعزازات سے نوازاگیا ہے۔بھارتی سینما کے معروف اداکار رجنی کانت کے لیے پدم و بھوشن کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی فہرست میں کشمیر کے سابق گورنر جگ موہن اور صنعت کار دھیرو بھائی امبانی (ان کا انتقال ہو چکا ہے) کے نام بھی شامل ہیں۔

پدم بھوش کے لیے اداکار انوپم کھیر کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ گذشتہ دنوں انوپم کھیر نے بھارت میں عدم رواداری کی بات پر شاہ رخ خان اور عامرخان کی پر زور مخالفت کرتے ہوئے حکومت کی حمایت میں دہلی میں ریلی بھی نکالی تھی۔اسی طرح اجے دیوگن جنھوں نے بہار میں بی جے پی کی انتخابی ریلی میں شرکت کی تھی، انھیں بھی پدم شری کا ایوارڈ دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

بالی وڈ کی ہی اداکارہ پرینکا چوپڑہ کو بھی پدم شری کا مستحق قرار دیا گیا ہے۔ انھیں فلم ’باجی راوٴ مستانی‘ اور اس سے قبل امریکی سیریئل ’کوانٹیکو کے لیے ہر طرف سے پزیرائی مل رہی ہے۔ لیکن حال ہی میں عامر خان کو مبینہ طور پر ان کے عدم رواداری کے بیان پر ’انکریڈیبل انڈیا‘ کی اشتہاری مہم سے ہٹائے جانے کے بعد ان کی جگہ پرینکا چوپڑا کو اس کا برانڈ ایمبیسڈر بنایا گیا ہے۔

فلم ساز مدھر بھنڈارکر جنھوں نے عدم روادری کے حوالے سے بالی وڈ میں حکومت کی حمایت میں ایک مہم چلائی تھی انھیں بھی پدم شری سے نوازا گیا ہے۔کھیل کے میدان سے بھارت کی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور بیڈمنٹن سٹار سائنا نہوال کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ انھیں پدم بھوشن دیا جائے گا۔ اس سے قبل ثانیہ مرزا کو کھیل رتن ایوارڈ مل چکا ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ پدم اعزاز سے نوازے جانے والوں کا انتخاب دیکھ کر ایسا نظر آتا ہے کہ حکومت بیشتر اپنے حامیوں کو نواز رہی ہے۔

یوم جمہوریہ سے سے ایک دن پہلے ان ایوارڈز کا اعلان کیا گیا جس کے تحت کل 112 ناموں کا اعلان ہوا۔ اس کے تحت دس لوگوں کو پدم وبھوشن، 19 لوگوں کے لیے پدم بھوشن جبکہ باقی ماندہ 83 افراد کے لیے پدم شری کے اعزاز کا اعلان کیا گیا۔