کرپشن کیخلاف پاکستان دیگر سارک ممالک سے بہترہے‘ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی سالانہ رپورٹ

بدھ 27 جنوری 2016 13:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل (ٹی آئی) کی حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان، 5 سارک ملکوں میں سے وہ واحد ملک ہے جس کے کرپشن پرسیپشنز انڈیکس (سی پی آئی) اسکور میں بہتری آئی ہے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن انڈیکس 2015 کی رپورٹ کے مطابق 2014 کے مقابلے میں دیگر چار سارک ممالک کا اسکور یا تو وہی رہا یا اس میں کمی آئی۔

دنیا کے 168 ممالک میں عوامی سطح پر کرپشن کے حوالے سے تیار کی گئی ’سی پی آئی 2015ء رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر تمام ممالک مل کر کوشش کریں تو کرپشن میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق 2015 میں مجموعی طور پر 168 ممالک میں سے دو تہائی ممالک نے انڈیکس میں 50 سے کم اسکور کیا۔واضح رہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن انڈیکس میں صفر اسکور کرنے والا ملک سب سے زیادہ کرپٹ مانا جاتا ہے، جبکہ 100 اسکور کرنے والا ملک سب سے کم کرپٹ مانا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2015 میں برازیل کے انڈیکس میں سب سے زیادہ گراوٹ دیکھنے میں آئی اور 7 پوزیشن کی تنزلی کے بعد 76ویں نمبر پر آگیا۔ڈنمارک کرپشن کے حوالے سے مسلسل دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ شمالی کوریا اور صومالیہ سب سے زیادہ کرپٹ ممالک رہے اور ان کا اسکور صرف 8 پوائنٹس رہا۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے چیئرمین سہیل مظفر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے سی پی آئی اسکور میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث کرپشن کے حوالے سے اس کی درجہ بندی میں مزید بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا تھا، جس کے لیے اسے کرپشن کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی اختیار کرنا ہوگی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی تجاویز پر عمل کرے گی جس سے کرپشن میں مزید کمی آئے گی اور آئندہ برسوں میں پاکستان کا سی پی آئی اسکور اور بہتر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :