گاڑی پانی میں گرنے کی صورت میں مسافروں کے زندہ بچ نکلنے کے لیے آسان تجاویز

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی بدھ 27 جنوری 2016 13:19

گاڑی پانی میں گرنے کی صورت میں مسافروں کے زندہ بچ نکلنے کے لیے آسان ..

(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جنوری2016ء)خدانخواستہ آپ کسی ایسی گاڑی میں بیٹھے ہوں، جو پانی میں گر کر زیر آب چلی جائے تو زندہ بچ نکلنے کے لیے سب سے پہلے تو اپنے آپ کو پرسکون کریں۔ اس کے بعد گاڑی کے دروازے اس وقت تک نہ کھولیں جب تک پانی گاری میں پوری طرح نہ بھر جائے۔ یہ تجاویز سنگا پور کےا یک ماہر غورخور ایڈون یوئی نے دی ہیں۔مسٹر ایڈون نے کہا کہ جیسے ہی گاڑی پانی سے بھر جائے اور گاڑی کےا ندر اور باہر پانی کا دباؤ ایک سا ہو جائے تو آپ دروازہ کھول کر بچاؤ کے لیے کوشش کر سکتے ہیں۔

اگر پانی اندر آ رہا ہو اور اس کے اندر داخل ہوتے ہوئے آپ دروازہ کھولیں گے تو پانی کے دباؤ کی وجہ سے دروازے کا کھلنا ناممکن ہوجائے گا۔ اتوار کی رات کو ایک گاڑی کے پانی میں گرنے اور دو ہلاکتوں کے بعد سنگا پور لائف سیونگ سوسائٹی کے صدر رچرڈ ٹان نے بتایا کہ آپ گاڑی میں مکمل طور پر پانی بھرنے سے پہلے بھی نکل سکتےہیں مگر اس کے لیے آپ کے پاس باقاعدہ اوزار ہونے چاہیے۔

(جاری ہے)

اس طرح کے اوزاروں میں ایسا نوک والا ہتھوڑا بہتر ہے جس کی ایک ضرب سے ہی ونڈسکرین یا کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ سکے۔ رچرڈ نے بتایا کہ پانی مکمل طور پر بھرنے سے پہلے جتنی آکسیجن اپنے اندر کھینچ سکتے ہوں کھینچ لیں ، کیونکہ معلوم نہیں اس کے بعد آپ کو کتنی جدوجہد کرنی پڑے۔ مسٹر ایڈون نے کہا بغیر اوزار اور ٹیکنیک کے کھڑکی یا ونڈ سکرین توڑنا بہت سے لوگوں کےلیے مشکلات بھی پیدا کر سکتا ہے۔

2010 میں امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ گاڑی کے پانی میں گرنے کی صورت میں گاڑی میں مکمل طور پر پانی بھرنے سے پہلے سیٹ بیلٹ کھول لینا اور کھڑکی کے شیشے کھول دینا ، گاڑی کے مکمل طور پر پانی میں ڈوبنے کے بعد کھولنے سے بہتر ہے۔ ایک اور ماہر کے مطابق جدید کاریں مکمل طور پر واٹر پروف بنائی جا رہی ہیں جو تیز بارش اور طوفان میں بھی پانی کو اندر نہیں آنے دیتی۔ اس میں لگے الیکٹرونکس سنسر اور دیگر آلات کی وجہ سے بہتر یہی ہے کہ پانی میں گرتے ہی گاڑی کی کھڑکی کا شیشہ کھول دیا جائے۔ مکمل طور پر پانی میں ڈوبنے کی صورت میں شارٹ سرکٹ کے باعث بعد میں شیشہ کھولنے میں کافی دشواری کا سامنا کر پڑسکتا ہے۔