الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم،مسلم لیگ (ن) کے غلام مصطفی جتوئی کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی گئی

بدھ 27 جنوری 2016 13:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) سپریم کورٹ نے این اے 211 سے متعلق الیکشن ٹریبونل کے نااہلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے غلام مصطفی جتوئی کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹریبونل نے (ن) لیگ کے غلام مصطفی جتوئی کو نااہل قرار دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو کامیاب قرار دیا تھا جس پر غلام مصطفی جتوئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

(جاری ہے)

بدھ کو جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے غلام مصطفی جتوئی کی رکنیت بحال کرنے کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ نے غلام مصطفیٰ جتوئی کے ٹیکس اور اثاثہ جات چھپانے کا معاملہ الیکشن ٹریبونل کو واپس بھجواتے ہوئے حکم دیا کہ ٹریبونل جلد از جلد معاملے کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ فراہمی انصاف کی بدترین مثال ہے۔