چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے قائم کردہ اوپن ریسیپشن سینٹرز پر 28بچوں کوسہولیات فراہم کی گئیں

بدھ 27 جنوری 2016 16:20

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو صبا صادق کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے قائم کردہ اوپن ریسیپشن سینٹرز پر گزشتہ ہفتے28بچوں کوسہولیات فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

بیورو کی جانب سے داتا دربار اور ریلوے سٹیشن پر قائم اوپن ریسیپشن سینٹر پر آنے والے28بچوں میں سے21بچوں کو ان کی جانب سے دی گئی معلومات کی روشنی میں شہر کے مختلف علاقوں سے والدین سے رابطہ کرنے کے بعد ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا جبکہ بقیہ7بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو ہیڈ آفس میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان بچوں کی قانونی تحویل حاصل کرنے کے بعد ان کے والدین کی تلاش کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بیورو کی جانب سے قائم کردہ اوپن ریسیپشن سینٹرزپر فیلڈ آفیسرز کی جانب سے عوامی آگاہی کے حوالے سے ان علاقوں کے گردونواح اور متعلقہ پولیس سٹیشن کا دورہ بھی کیا جاتا ہے۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ بیورو کی جانب سے یہ اوپن ریسیپشن سینٹرز گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچوں کو ان کے والدین تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ بیورو کے اوپن ریسیپشن سینٹرزپر تحویل میں لئے گئے بچوں کو غیر رسمی تعلیم اور کھانا بھی فراہم کیا جاتا ہے۔