لیونل میسی کے افغان پرستار بچے نے شاپر سے ٹی شرٹ بنالی

بدھ 27 جنوری 2016 16:35

لیونل میسی کے افغان پرستار بچے نے شاپر سے ٹی شرٹ بنالی

کابل (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار27جنوری- 2016ء) ارجنٹائنی فٹبال سٹار لیونل میسی کی شرٹ نمبر کی شاپر سے بنی ٹی شرٹ پہنے ایک افغان بچے کی تصویروں نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق افغانستا ن کے جنوب مشرقی صوبے غزنی کے ضلع جگہوری کے ایک دیہاتی علاقے سے ایک عراقی کرد بچے مرتضیٰ احمدی کی تصویریں سامنے آئی ہیں جس کی عمر صرف پانچ سال ہے ۔

ننھے پرستار کی تصویروں نے سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی حاصل کی اور لوگوں نے اسے میسی کا سب سے بڑا مداح قرار دیا ۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر تصویریں آنے کے بعد افغان نژاد آسٹریلوی شہری عظیم احمدی نے بتایا کہ مرتضیٰ احمدی اس کا بھتیجا ہے اور اس کی شاپر کی ٹی شرٹ کی تصویریں اس کے سب سے چھوٹے بھائی ہمایوں نے اپنے فیس بک پیج پر لگائی تھیں جس کے بعد مرتضیٰ کو شہرت ملی ۔ مرتضیٰ کے والد عارف احمدی کا کہنا تھا کہ انکا بیٹا میسی کا بہت بڑا مداح ہے اور فٹبال بہت پسند کرتا ہے ، انکے لیے یہ ممکن نہیں کہ اپنے بیٹے کو فٹبال کی اصل ٹی شرٹ خرید کر دے سکیں جسکی وجہ سے بچے نے خود ہی اس کا حل نکالا اور شاپر سے ٹی شرٹ بنا کر پہن لی ہے ۔