وفاقی پولیس کے سب انسپکٹر نے مسجد جانیوالے راستہ پر قبضہ کر لیا

اہل محلہ کے احتجاج پر تھانہ نون پولیس اپنے پیٹی بھائی کے لئے ڈھال بن گئی ،وفاقی وزیر داخلہ نے واقعہ کا نوٹس لیکر آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی

بدھ 27 جنوری 2016 17:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جنوری۔2016ء) وفاقی ماڈل پولیس کے سب انسپکٹر نے ماڈل کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے مسجد جانیوالے راستہ پر قبضہ کر کے تعمیرات شروع کر دی ہیں ،اہل محلہ کے احتجاج پر تھانہ نون پولیس اپنے پیٹی بھائیکے لئے ڈھال بن گئی ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ نے واقعہ کا نوٹس لیکر آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

آن لائن تحقیقات کے مطابق تھانہ نون کی حدود میں اعوان آباد محلہ میں رہائش پذیر سب انسپکٹر منظور حسین نے جامع مسجد کو جانے والے راستے پر وردی کے رعب کے نیچے دباتے ہوئے قبضہ کر لیا ہے اور تعمیرات بھی شروع کر دی ہیں ۔نون پولیس نے وقتی طور پر اہل محلہ کو کہا کہ میرٹ پر کارروائیکی جائے گی مگر بعد ازاں پیٹی بھائی کی لاج رکھتے ہوئے قبضہ واہگذار نہ کرایا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ایک انکوائری کمیشن بھی بنایا اس نے بھی مذکورہ انسپکٹر کے خلاف رپورٹ دی ۔اہل محلہ نے گزشتہ روز تھانہ نون پولیس کو اگاہ کیا ہے کہ اگر مذکورہ انسپکٹر کے خلاف قانونی کارروائی نہ کی گئی تو وہ نہ صرف مظاہرہ کریں گے بلکہ امن و امان کی صورتحال میں بھی خلل پڑ سکتا ہے ،ذرائع نون پولیس کے مطابق محلہ اعوان آباد میں قبضہ ایشو پر حالات بہت گھمبیر ہیں اور تھانہ ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کو درجنوں افراد نے ایک تحریری درخواست دی جس پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے