عالمی بینک پانی کے شعبہ میں استعداد بڑھانے کے مختلف منصوبوں کیلئے پاکستان کو تین کروڑ 49 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی اضافی رقم فراہم کریگا

عالمی بینک اور اقتصادی امور ڈویژن کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ٗ پر وقار تقریب میں دستخط کئے گئے

بدھ 27 جنوری 2016 18:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) عالمی بینک پانی کے شعبہ میں استعداد بڑھانے کے مختلف منصوبوں کے لئے پاکستان کو تین کروڑ 49 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی اضافی رقم فراہم کرے گا۔ اس حوالے سے عالمی بینک اور اقتصادی امور ڈویژن کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچاموتھو ایلانگوان نے بدھ کو یہاں ایک تقریب میں معاہدہ پر دستخط کئے۔

اس معاہدے کا مقصد دریائے سندھ سے متعلق آبی وسائل کے انتظام کے لئے مینجمنٹ انوسٹمنٹ پلاننگ اور استعداد سازی بڑھانا ہے۔ حکومت پاکستان نے پانی اور توانائی کے وسائل کی اہمیت کے پیش نظر عالمی بینک سے پانی کے شعبہ کے لئے 35 ملین ڈالر کی اضافی فنانسنگ کی درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکریٹری اقتصادی امور طارق باجوہ نے عالمی بینک کا بین الاقوامی ترقیاتی معاونت کے پروگرام کے تحت اضافی فنانسنگ کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے 2008ء میں 38 ملین ڈالر کے قرضہ کی منظوری دی تھی۔ یہ رقم آبی وسائل کے بہتر انتظام و انصرام میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ پانی کے انتظام کے وفاقی اداروں کو جدید ٹیکنالوجی اور متعلقہ عملہ کو تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس موقع پر عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے بینک کی جانب سے پاکستان کے لئے مالی اور تکنیکی معاونت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے جس کا مقصد پاکستان کے آبی وسائل سے متعلق استعداد میں اضافہ اور انتظام میں بہتری ہے۔