سپریم کورٹ فیصلے کے باوجود نفاذ اردومیں لیت ولعل سے کام لیاجارہا ہے‘میاں مقصودا حمد

حکومت اردوکوسرکاری زبان اور ذریعہ تعلیم بناکر قوم سے کیاوعدہ پوراکرے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

بدھ 27 جنوری 2016 18:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود حکومت کی جانب سے اردو کے نفاذ میں لیت ولعل سے کام لینے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت عملاًسپریم کورٹ کے واضح حکم کی مسلسل خلاف ورزی کررہی ہے،اردو ہماری سرکاری زبان ہے اور اس کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے حکومت نے خود تین ماہ کی مہلت لی تھی جوکہ8دسمبر2015کومکمل ہوگئی ہے مگرآج تک وزیر اعظم نے اس حوالے سے سنجیدگی کامظاہرہ نہیں کیا،تاریخ گواہ ہے کہ عدالتی فیصلوں اور ان پر عمل درآمد کے سلسلے میں تمام ماضی کی اور موجودہ حکومت نے لیت ولعل سے کام لیا اور لیتے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جو قومیں اپنی زبان چھوڑ کر غیروں کی اندھی تقلید میں ان کے رہن سہن اور زبان کواختیار کرتی ہیں وہ دنیا میں اپنا مقام حاصل نہیں کرسکتیں۔

(جاری ہے)

1947میں ظاہری طور پرانگریزچلے گئے مگر آج بھی وہ ہمارے مٹھی بھر برسراقتدار اشرافیہ کے ذہنوں پر راج کررہے ہیں۔الحمدﷲ اردو ایک ذرخیز زبان ہے جو وسعت کے ساتھ ساتھ دوسری زبانوں کواپنے اندرجذب کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

اگر ہمیں دنیا میں ترقی وخوشحالی کی منازل طے کرنی ہیں تو اس کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں نفاذاردوکویقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ عدالتی حکم کے باوجود صدر اور وزیراعظم اور دیگر وزراء اردوزبان کی بجائے انگریزی میں تقاریرکررہے ہیں۔تاحال تمام انتظامی اور دفتری معاملات انگریزی میں سرانجام دیے جارہے ہیں۔اگر عدالتی فیصلوں کا احترام حکمران خود نہیں کریں گے تو معاشرے میں اچھی روایت کیسے قائم ہوگی۔

آئین وقانون کوموم کی ناک بناکر رکھ دیا گیاہے۔میاں مقصود احمد نے اس حوالے سے مزید کہاکہ تمام انتخابات بشمول سی ایس ایس اردو زبان میں ہونے چاہئیں۔جاپان،ترکی،چین،جرمنی ودیگرکئی ممالک نے اپنی زبان کواپناکر ترقی کی ہے۔ہمیں بھی ان کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرنا ہوگا۔انگریزی کوبطور زبان پڑھانے کی کوئی بھی مخالفت نہیں کرتا مگر اردو زبان کو نظرانداز کرکے سرکاری امور چلانے اورانگریزی کوذریعہ تعلیم بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

پوری قوم اس کی بھرپورمذمت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عملدرآمد کرتے ہوئے اردو کے نفاذ کے حوالے سے قوم سے کیاگیا وعدہ پوراکرے۔تمام سرکاری ویب سائٹس کو اردو میں منتقل کیاجائے۔سرکاری فارمز اردو زبان میں ہوں اور عدالتی فیصلے بھی اردوزبان میں لکھے جائیں۔