دہشت گردی ایک مائنڈ سیٹ ہے جسے صرف تعلیم کے ہتھیار سے ہی شکست فاش دی سکتی ہے‘رانا مشہود

پرائیویٹ تعلیمی اداروں کیلئے حکومت پنجاب کے ایس او پی کے طے شدہ 20پونٹس پر سختی سے عملدرآمد کیاجائے‘ اجلاس سے خطاب

بدھ 27 جنوری 2016 19:59

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ دہشت گردی ایک مائنڈ سیٹ ہے جسے صرف تعلیم کے ہتھیار سے ہی شکست فاش دی سکتی ہے ،صوبے بھر میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ،دشمن ہمارے مستقبل کے چراغوں کو گل کرنا چاہتا ہے ،ایسے دشمن کو اس کے ناپاک ارادوں میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے -ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور تعلیمی بورڈ میں منعقدہ پنجاب بھر کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی تمام تنظیموں کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا -اس موقع پر لاہور و گوجرانوالہ کے تعلیمی بورڈز کے چیئر مین بھی موجود تھے - اجلاس میں پنجاب بھر سے آئے ہوئے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے سکولوں کی سیکورٹی کے حوالے سے درپیش مسائل اور مشکلات کا ذکر کیا -صوبائی وزیر نے اس موقع پر تمام تعلیمی بورڈز میں فوکل پرسنز کی تعیناتی کا فیصلہ کرتے ہوئے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے مالکان کو ہدایت کی کہ وہ سیکورٹی کے حوالے سے درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے مقررہ فوکل پرسنز سے رابطہ کریں - صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ سکولوں کے باہر ٹھیلوں اور خوانچہ فروشوں کو این او سی کے بغیر کھڑا نہ ہونے دیاجائے، متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور سکول انتظامیہ ایسے لوگوں کو خود چیک کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکولوں کی کنٹینز کے ورکرزاور تعمیراتی کام کیلئے آنے والے مزدوروں پر کڑی نگاہ رکھی جائے، سکولوں کے گرد و نواح پر نظررکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیمی اداروں کیلئے حکومت پنجاب کے ایس او پی کے طے شدہ 20پونٹس پر سختی سے عملدرآمد کیاجائے، یہ ایس او پی سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کیلئے ہیں - انہوں نے کہا کہ ایس او پی کی کاپی اساتذہ سکولوں کے بچوں کو بھی دیں تاکہ وہ گھر جاکر والدین کو بھی اس امر کے بارے آگاہ کریں۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ سکولوں میں چیکنگ کیلئے آنے والے کسی بھی ادارے کے اہلکاروں کی شناخت ضرور کی جائے۔سکیورٹی کی فرضی مشقیں سکولوں میں کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :