شتروگھن سنہا نے بولی ووڈ سٹارز کے عدم برداشت پر بیانات کو بچگانہ حرکت قرار دیدیا

جمعرات 28 جنوری 2016 13:09

شتروگھن سنہا نے بولی ووڈ سٹارز کے عدم برداشت پر بیانات کو بچگانہ حرکت ..

جے پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جنوری۔2016ء) سابق بولی ووڈ اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا کا کہنا ہے کہ بولی ووڈ سٹارز کا ملک میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے متعلق رائے کا اظہار بچگانہ حرکت کے سوا کچھ نہیں ہے۔سنہا نے جے پور فلم فیسٹیول کے آخری دن میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بولی ووڈ شخصیات کی جانب سے ملک میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے بارے میں بیانات دیتے ہوئے بھی عدم برداشت کا مظاہرہ ہی کیا گیا جس سے وہ اتفاق نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ وہ اداکارہ کاجول کی جانب سے دیے جانے والے بیان سے اتفاق کرتے ہیں۔ اداکارہ کاجول کی جانب سے حال ہی میں ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ بولی وو ڈ انڈسٹری میں کوئی عدم برداشت نہیں ہے اور نہ ہی کسی کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ سنہا نے میڈیا کو بتایا کہ وہ بھی انسانوں کی کامیابی انکی صلاحیت کے پیمانے پر پرکھتے ہیں انکے رنگ ، نسل یا مذہب کی بنیا د پر نہیں۔واضح رہے چند روز قبل معروف بھارتی فلمساز کرن جوہر کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان میں اپنی رائے کے اظہار کی آزادی کسی بڑے لطیفے سے کم نہیں اور ملک کا جمہوریہ کہلانا دوسرا بڑا لطیفہ ہے