پرفیوم فیکٹری سے 10 گیلن انسانی پیشاب بر آمد

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 جنوری 2016 16:29

پرفیوم فیکٹری سے 10 گیلن انسانی پیشاب بر آمد

جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2016ء): ایک گودام میں چھاپے کے دوران میونسپلٹی ٹیم نے مختلف کنٹینرز میں رکھا گیا انسانی پیشاب بھی بر آمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق میونسپلٹی نے پرفیوم آئل سے بھرے ہوئے لکڑی کے کچھ ڈبے بھی بر آمد کیے جنہیں ممکنہ طور پر فروخت کیا جانا تھا، چھاپے کے دوران ٹیم نے نا معلوم خام میٹیریل سمیت تیل اور پر فیوم بوتلوں کو اپنے قبضے میں لے لیا۔

جس کے بعد میونسپلٹی ٹیم نے فوری طور پر کامرس اور صنعت کی وزارت سمیت سول ڈیفنس اور پولیس کو اس معاملے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے تمام کیس ان کے حوالے کر دیا۔ میونسپلٹی کے میڈیا ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ہم نے وزارت کامرس اور صنعت کے تعاون سے اس گودام کو سیل کر دیا ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے گودام میں کام کرنے والے غیر ملکی ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

مختلف خلاف ورزیوں پر گودام کے آپریٹر کو بھاری جُرمانہ بھی عائد کیا گیا جس میں گودام سے انسانی پیشاب کی بر آمدگی، لائسنس کے بغیر پرفیوم سازی، نامعلوم خام میٹیریل کی موجودگی سمیت دیگر صحت سے متعلق خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے کہ گودام میں اس قدر مقدار میں انسانی پیشاب کیوں موجود تھا، اور کہیں اسے کسی پرفیوم میں ضم تو نہیں کیا گیا۔ میڈیا ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ میونسپلٹی کمیٹی ریسٹوران، کچن ، حلوائی کی دکانوں ، فاسٹ فوڈ رسیٹوران اور گوداموں پر اس قسم کی کارروائیاں کرتی رہتی ہے۔