کم لاگت گھروں کی فراہمی کے لیے ترکی کے ماڈل کی تقلید کررہے ہیں‘ملک تنویر اسلم اعوان

جمعرات 28 جنوری 2016 16:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جنوری۔2016ء ) صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ ، اربن ڈویلپمنٹ تعمیرات و مواصلات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہاہے کہ حکومت پنجاب کم آمدن والے لوگوں کو کم لاگت گھروں کی فراہمی کے لیے پر عزم ہے اور ترکی کی تعمیراتی کمپنی ٹوکی کے ساتھ حالیہ معاہدہ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے،حکومت پنجاب کم لاگت گھروں کی فراہمی کے سلسلے میں ترکی کے ماڈل کی تقلید کرتے ہوئے عوام کو اپنی چھت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ترکی کے دورے کے دوسرے روز ترکی کی تعمیراتی کمپنی ٹوکی کے صدر محمد ارگن توران سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری ہاؤسنگ کے علاوہ پرائیویٹ سیکٹر کے ماہرین تعمیرات اور ٹوکی کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران جس طرح ٹوکی نے ترکی میں جدید طرز مبنی سٹیٹ آف دی آرٹ تعمیراتی پراجیکٹس مکمل کئے ہیں وہ اپنی مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹوکی کے ان تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل سے جہاں لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوا ہے وہیں ان تعمیرات میں قدرتی آفات سے نمٹنے کا مکمل انتظام انسانی زندگی کی حفاظت میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نا صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں تعمیراتی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ترکی کے طرزکی ہاؤسنگ یونٹ کی کمی ہے جس پر ٹوکی کی ٹیکنیکل مشاورت اور معاونت سے 2017ء تک 50ہزار ہاؤسنگ یونٹس کی تکمیل سے قابو پایا جاسکے گا۔

صوبائی وزیر اور وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے ٹوکی کے صدر محمد ارگن توران نے کمپنی کی مالیاتی تکنیکی انتظامی اور بزنس ماڈل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12سال میں ٹوکی نے 7لاکھ ہاؤسنگ یونٹس تعمیر کر کے مستحق خاندانوں میں تقسیم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹوکی کی اس وقت کی گنجائش 60ہزار ہاؤسنگ یونٹس سالانہ ہے۔ پاکستانی وفد نے ٹوکی کی زیر تعمیر مختلف پراجیکٹس کا دورہ بھی کیااور وہاں پر ٹوکی کے ماہرین اور عہدیداران کے ساتھ ملاقات بھی کی۔

متعلقہ عنوان :