پنجاب کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 1 ارب 37کروڑ 33لاکھ سے زائد کی منظوری

محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے پنجاب اکنامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ڈھانچے میں مزید بہتری لانے کیلئے 30 کروڑ 1 لاکھ 82 ہزار روپے کی منظوری دی گئی

جمعرات 28 جنوری 2016 18:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2015-16 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے25 ویں اجلاس میں مختلف ڈویلپمنٹ سیکٹر کی کل 4ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر1 ارب 37کروڑ 33 لاکھ 60ہزار روپے کی منظوری دی ۔ صوبائی ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس کی صدارت چیئر مین پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ پنجا ب محمدجہانزیب خان نے کی جبکہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی ورکنگ پارٹی کے25 ویں اجلاس میں جن4ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دی گئی ان میں محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے پنجاب اکنامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ڈھانچے میں مزید بہتری لانے کیلئے 30 کروڑ 1 لاکھ 82 ہزار روپے، تکنیکی اور مالی تجاویز کے ضمن میں پی سی II کی تیاری کے حوالے سے جنرل کنسلٹنٹ کی خدمات کے حصول کیلئے 3کروڑ 20 لاکھ 88 ہزار روپے، ضلع سیالکوٹ میں سید پور پٹاں کے مقام پر دریا کے اوپر پل کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 41 کروڑ 45 لاکھ 84 ہزار روپے اور ضلع ڈیرہ غازی خان میں پل 14 تا دجال روڈ لمبائی 22.90 کلومیٹر سڑک کی کشادگی و بحالی کیلئے 29 کروڑ 42 لاکھ 36 ہزار روپے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :