صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا کی زیر صدارت مقامی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے کمیٹی کا دوسرا اجلاس

سرمایہ کاروں کو انویسٹمنٹ کی ترغیب دینے کیلئے ضروری اہم متعلقہ شعبوں میں مقامی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کریں‘ عائشہ غوث پاشا

جمعرات 28 جنوری 2016 18:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کی زیر صدارت پنجاب سول سیکرٹریٹ میں مقامی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشانے کہا کہ پنجاب میں کاروباری مواقع کے حوالے سے بین الاقوامی سیمینار کے بعد ترکی اور چائنا سمیت اندرونی وبیرونی سرمایہ کار پاکستان میں زراعت،توانائی،انفراسٹرکچر اور سکلز ڈویلپمنٹ کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔

اس حوالے سے پنجاب میں زراعت کا شعبہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو انویسٹمنٹ کی ترغیب دینے کے لئے ضروری اہم متعلقہ شعبوں میں مقامی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کمیٹی کو ان شعبوں سے آگاہ کریں۔جہاں سرمایہ کاری کے ذریعے سے کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے محکموں کو پابند کیا کہ وہ متوقع پاک چائنا راہداری کے تناظر میں ٹھوس منصوبے ترتیب دیں اور ان کے لئے باقاعدہ فریم ورک تیار کریں۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری انڈسٹریز نے بتایا کہ گزشتہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ کمیٹی دیگر ممالک کے ساتھ دستخط شدہ ایم او یوز کے تناظر میں پنجاب سرمایہ کاری کے راہ میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لے گی اور متعلقہ محکمے ان مسائل کے حل کے لئے اپنی تجاویز پیش کریں گے ۔

اس حوالے سے محکمہ لائیو سٹاک اور لاہور چیمبر ا ٓف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے اپنی تجاویز جمع کروا دیں ہیں۔انہوں نے دیگر محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بھی جلد از جلد کمیٹی کو اپنی رپورٹس جمع کروائیں۔اجلاس میں سیکرٹری لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے علاوہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ،سکلز ڈویلپمنٹ،لیبر،آئی ٹی بورڈ اور اربن یونٹ کے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :