پاکستان مالدیپ کے درمیان دوستانہ روابط مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں ٗ وزیر اعظم نواز شریف

دونوں ممالک کو تجارت کے شعبہ میں وسیع تر مواقع سے استفادہ کی ضرورت ہے ٗ مالدیپ کی وزیر خارجہ سے گفتگو

جمعرات 28 جنوری 2016 18:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑ رہا ہے ٗ ضرب عضب کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ٗ پاکستان مالدیپ کے درمیان دوستانہ روابط مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں ٗ دونوں ممالک کو تجارت کے شعبہ میں وسیع تر مواقع سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ وہ مالدیپ کی وزیر خارجہ دنیا مامون سے وزیراعظم ہاؤس میں گفتگو کررہے تھے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارت کے شعبہ میں وسیع تر مواقع سے استفادہ کی ضرورت ہے، پاکستان جنوبی ایشیاء کے لئے خصوصی تعاون پروگرام کے تحت مالدیپ کی معاونت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑ رہا ہے اور جاری فوجی آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت کی روک تھام اور خاتمے کے لئے ہمسایہ ممالک کے اقدامات کے لئے حمایت اور تمام ممکنہ تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کو بالخصوص سیاحت کے میدان میں وسیع تر مواقع سے استفادہ کے لئے اپنے تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دنیا مامون نے وزیراعظم نواز شریف کو مالدیپ کے دورہ کی دعوت دی اور اس موقع پر صدر مالدیپ کا مراسلہ بھی پہنچایا۔ وزیر خارجہ نے مالدیپ کے لئے پاکستان کی مسلسل معاونت پر شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :