وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کے ذریعے غریب عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ٗ سائرہ افضل تارڑ

سکیم کے ذریعے غریبوں کو ثانوی علاج معالجہ کے لئے مفت طبی نگہداشت اور علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ٗ وزیرصحت

جمعرات 28 جنوری 2016 18:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کے ذریعے غریب عوام کو صحت کی سہولیات مرحلہ وار پروگرام کے تحت فراہم کی جا رہی ہیں، اس سکیم کے ذریعے غریبوں کو ثانوی علاج معالجہ کے لئے مفت طبی نگہداشت اور علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور کسی قسم کی مالی رقوم دیئے بغیر ہسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

پروگرام سے استفادہ کرنے والوں میں پاکستان کے ایسے غریب گھرانے شامل ہیں جن کی روزانہ آمدن 200 روپے سے بھی کم ہے۔ وزیراعظم کا نیشنل ہیلتھ پروگرام 2016ء کے وسط تک کئی اضلاع تک پھیلا دیا جائیگا اس پروگرام کی مجموعی حکمت عملی کے تحت استفادہ کرنے والوں کا اندراج، سروسز کی فراہمی، رپورٹنگ مانیٹرنگ اور ڈیٹا کی آڈیٹنگ وغیرہ جیسے عوامل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس نظام میں بے جا دخل اندازی اور سرکاری شعبہ کے خزانے کے غلط استعمال روکنے کے لئے حقیقی اور بر وقت ملنے والی اطلاعات کی روشنی میں فوری فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوارڈینیشن اور نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی نادرا کے مابین وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کے سینٹرل مینجمنٹ اطلاعاتی نظام کا بنانا اور دیکھ بھال کے لئے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

اس معاہدے پر چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین اور سیکریٹری وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈکوارڈینیشن محمد ایوب شیخ نے وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ کی موجودگی میں دستخط کئے۔ اس معاہدہ کے ذریعے نادرا وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کا اپنی نوعیت کا شاہکار مینجمنٹ اطلاعاتی نظام بنائے گا۔ معاہدہ کے مطابق نادرا پروگرام کا ایک ڈیش بورڈ بھی بنائے گا جس کے ذریعے فیصلہ سازی کرنے والوں کو پروگرام کے تمام پہلوؤں کے بارے میں بروقت اطلاعات ملیں گی۔

نادرا اس معاہدہ کے ذریعے پروگرام کا آئی ٹی انفراسٹرکچربنائے گا اور اس انفراسٹرکچر کی تین سال تک دیکھ بھال کرے گا۔ اس موقع پر وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے مختصر طور پر بتایا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق غریب ترین اور پاکستان کے پسے ہوئے عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے آخر میں چیئرمین نادرا اور ان کی ٹیم کو سراہا جس نے اس نظام کی تیاری کے لئے کئی دنوں تک کام کیا۔

متعلقہ عنوان :