مالدیپ کی وزیر خارجہ کی سرتاج عزیز ،سید طارق فاطمی سے الگ الگ ملاقات

پاکستان اور مالدیپ علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے سارک میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں ، دنیا مؤمون

جمعرات 28 جنوری 2016 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) پاکستان اور مالدیپ نے سیاحت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ مالدیپ کی وزیر خارجہ دنیا مؤمون نے جمعرات کو وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز معاون خصوصی سید طارق فاطمی سے الگ الگ ملاقات کی ۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے دفتر خارجہ میں مہمان وزیر کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان قریبی تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔

فریقین نے تعلقات میں پیش رفت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ۔ بات چیت کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی امور بھی زیر غور لائے گئے ۔

(جاری ہے)

مشیر خارجہ نے مالدیپ کی سیاحت کی انڈسٹری کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی اس شعبے میں مالدیپ سے تعاون کا فروغ چاہتا ہے ۔ سر تاج عزیز نے مالدیپ کے صدر کے گزشتہ سال دورہ پاکستان کے موقع پر کھیلوں ، صحت ، تعلیم اور انسداد منشیات کے شعبوں میں طے پانے والی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا ۔

مالدیپ کی وزیر خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو عوامی رابطوں کے فروغ کے ذریعے مزید مستحکم کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ طلبہ فنکاروں اور دیگر شعبوں کی شخصیات کے دوروں سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خیر سگالی کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔ مالدیپ کی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی سے بھی ملاقات کی سید طارق فاطمی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت دستیاب مواقع کے مقابلے میں بہت کم ہیں ۔

انہوں نے معیشت اور تجارت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور سیاحت کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ فریقین نے دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے مواصلاتی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔ مالدیپ کی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے سارک میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :