پٹھان کوٹ حملہ ، جے آئی ٹی نے بھارت کے فراہم کردہ شواہد کو ناکافی قرار دیدیا

جے آئی ٹی بھارت سے مزید شواہد طلب کرے گی جو وزارت خارجہ کے ذریعے اپنا سوالنامہ بھارت بھیجے گی

جمعرات 28 جنوری 2016 18:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) ایڈیشنل آئی جی پنجاب رائے طاہر کی سربراہی میں بھارت کے شہر پٹھان کوٹ میں ہونے والے حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے بھارت کی طر ف سے فراہم کردہ شواہد کو ناکافی قرار دے دیا، جے آئی ٹی بھارت سے مزید شواہد طلب کرے گی، جو وزارت خارجہ کے ذریعے جے آئی ٹی اپنا سوالنامہ بھارت بھیجے گی۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے شہر پٹھان کوٹ میں پاکستان پر عائد بھارتی الزامات کی تحقیقات کرنے والی 6رکنی جے آئی ٹی نے بھارت سے مزید ثبوت مانگنے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ بھارتی حکومت کی طرف سے حملے میں پاکستان سے کی گئی ٹیلی فونک کال اور حملہ آوروں سے متعلق دی گئی معلومات میں کوئی صداقت سامنے نہیں آئی۔جے آئی ٹی نے شواہد کی فراہمی سے متعلق اب ایک سوالنامہ تیار کیا ہے جو جلد بھارت بھجوایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی طرف سے شواہد کی فراہمی کے مطالبے پر مبنی سوالنامہ وزارت خارجہ کے ذریعے بھارت بھیجا جائے گا۔ واضح رہے کہ پٹھان کوٹ حملے کے بعد بھارتی الزامات پر حکومت نے تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی، جس میں پولیس، ایف آئی اے اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندے شامل ہیں جبکہ دوسری طرف حملے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر اور ان کے بھائی مفتی عبدالرؤف اصغر کو سرکاری اداروں نے اپنی تحویل میں لے رکھا ہے اور ان سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے