پاکستان بیت المال معاشرے کے نادار اور غریب افراد کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہاہے ‘سماجی شعبے، صحت، تعلیم اور عورتوں کو معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع بارے ادارے کی خدمات لائق تحسین ہیں

صدرمملکت ممنون حسین کی پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر عابد وحید شیخ سے بات چیت

جمعرات 28 جنوری 2016 19:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بیت المال معاشرے کے نادار اور غریب افراد کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہاہے خاص طور پر سماجی شعبے، صحت، تعلیم اور عورتوں کو معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع دینے کے حوالے سے اس ادارے کی خدمات لائق تحسین ہیں۔صدرمملکت ممنون حسین ایوان صدر میں پاکستان بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر عابد وحید شیخ سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدرمملکت نے کہا کہ حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے کیونکہ کوئی بھی معاشرہ غربت کے خاتمے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، حکومت نے اس مقصد کے لئے کئی پروگرام شروع کئے ہیں اور پاکستان بیت المال کا کردار اس سلسلے میں بہت اہم ہے ، صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان بیت المال کو اپنا کردار مزید موثر طریقے سے ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان بیت المال کے مینجنگ ڈائیریکٹر عابد وحید شیخ نے ملاقات کے موقع پر صدر مملکت کو اپنے ادارے کی کارکردگی اور اس کے آئندہ کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔