چھوٹے زرداری کی باتیں بچگانہ او رمضحکہ خیز ہیں‘ تھر میں بچے بھوک سے مررہے ہیں، بلاول اوران کے ابا چین کی بانسری بجا رہے ہیں‘بلاول کراچی کے کھلے گٹروں پر توجہ دیں ، ایک شہری سے ڈھکن لگوانا پی پی گورنمنٹ کے منہ پر طمانچہ ہے

رکن پنجاب اسمبلی و پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری کا پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل

جمعرات 28 جنوری 2016 21:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) پنجاب اسمبلی کے رکن و پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہاہے کہ بلاول سیاسی بونوں کے کہنے پر عوامی فلاحی منصوبوں پر تنقید کی روش ترک کر دیں - چھوٹے زرداری کی باتیں بچگانہ او رمضحکہ خیز ہیں-سید زعیم حسین قادری نے بلاول زرداری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ تھر میں بچے بھوک سے مررہے ہیں، بلاول اوران کے ابا چین کی بانسری بجا رہے ہیں- اورنج لائن میٹرو ٹرین لاکھوں شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی اعلی سہولت فراہم کرے گی -اورنج لائن میٹرو ٹرین سے لاہورکے کسی تاریخی مقام کو کوئی نقصان پہنچے کا امکان نہیں ہے-زعیم قادری نے کہاکہ اورنج لائن میٹروٹرین کاروٹ تاریخی مقامات کے تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے- اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ کے لئے ماحولیات اور محکمہ آثار قدیمہ کے ماہرین این او سی جاری کر چکے ہیں- انہوں نے کہاکہ بلاول زرداری لاہور کو چھوڑیں کراچی کے کھلے گٹروں پر توجہ دیں- کراچی میں ایک شہری کی طرف سے کھلے مین ہول پر ڈھکن لگانا پی پی گورنمنٹ کے منہ پر طمانچہ ہے- سید زعیم حسین قادری نے کہاکہ عوام کی خدمت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا نصب العین ہے- مسلم لیگ (ن) سیاسی مخالفین کی بے جا تنقید سے بالا تر ہو کر عوام کی خدمت کے ایجنڈے کو پورا کرے گی ۔