شوہر کی لاش دیکھ کر بیوی بھی پاس لیٹ کر مرگئی

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 29 جنوری 2016 12:38

شوہر کی لاش دیکھ کر بیوی بھی پاس لیٹ کر مرگئی

(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جنوری2016ء)ایک بیوی اپنے شوہر کی لاش دیکھ کر اتنی غمزدہ ہوئی کہ اس کے پاس ہی لیٹی اور مرگئی۔ عدالتی تحقیقات کے مطابق پراپرٹی ایجنٹ نے جب دیکھا تو ریمنڈ اور پاؤلا شیفرڈ کی لاشیں بیڈ روم میں ایک دوسرے کے آس پاس پڑی تھیں۔ دونوں کی اموات کی تحقیق کرنے والے افسر نے عدالت کو بتایا کہ دیکھنے میں ایسا لگتا ہے کہ مسز شیفرڈ اپنے شوہر کی لاش دیکھ کر مستقبل سے مایوس ہوئیں اور گر گئیں۔

(جاری ہے)

اس افسر نے پورٹس ماؤتھ کی عدالت بتایا کہ دونوں کی شادی 40 سال پہلے ہوئی تھی اور ان کی لاشیں پچھلے سال 7 اپریل کو ملیں تھی۔ دونوں کو مرنے سے ایک ہفتے پہلے ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ پراپرٹی ایجنٹ کا رابطہ جب کئی دن تک اُن سےنہ ہوسکا تو وہ ان کے گھر آئی جہاں ان دونوں کی لاشیں پڑی تھیں۔ مسز شیفرڈ نے اپنے شوہر کی لاش پر نرم کمبل ڈالا ہوا تھا۔ ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ مسز شیفرڈ کی موت اپنے شوہر کی موت کے چند دن بعد ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں نے یہ بھی بتایا کہ دونوں کی موت بالکل طبعی تھی۔ عدالت نے بھی ان کی موت کو طبعی قرار دے دیا۔