حکومتی پالیسیوں کے سبب پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے نو گو ایریا نہیں رہا،ایس ایم منیر

جمعہ 29 جنوری 2016 12:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 جنوری۔2016ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے نو گو ایریا نہیں رہا جبکہ مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھا ہے۔سرمایہ کاری کی فضا بہتر ہونے سے پاکستان میں کام کرنے والی سینکڑوں ملکی و غیر ملکی کمپنیاں اپنے کاروبار کو توسیع دے رہی ہیں۔

دنیا بھر میں پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کی جا رہی ہے جسکا کریڈٹ موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے صنعتی صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں تین روپے کی کمی سے اقتصادی سرگرمیاں اور برامدات بڑھینگی جبکہ ایل این جی اور دیگرمنصوبوں پر پیش رفت اطمینان بخش ہے جس سے توانائی بحران حل کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے دنیا بھر میں ملک کا امیج بہتر بنایا ہے ،خواتین کو قومی دھارے میں لانے میں بہتر پیش رفت کی ہے جبکہ یوتھ لون سکیم میں پچاس فیصد قرضے خواتین کو دے کر روشن مثال قائم کی گئی ہے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ ہمسایہ ملک چین کی جانب سے چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان پر اعتماد کی مظہر ہے پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنائے جا رہے ہیں جس سے خطہ کی مجموعی صورتحال بہتر ہو رہی ہے جبکہ 2017 تک نیشنل گرڈ میں دس ہزار میگا واٹ بجلی شامل کرنے سے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا نام و نشان تک مٹ جائے گا۔ادھر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی ملک کی اس ناسور سے جان چھوٹ جائے گی۔انھوں نے کہا کہ اب جی ڈی پی میں اضافہ اور روزگار کی فراہمی کو ترجیح دینے کا وقت آ گیا ہے جسکے لئے اصلاحات، نجکاری، ٹیکس ریفارمز، ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی اور دیگر معاملات پر توجہ دی جائے جس میں کاروباری برادری حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

متعلقہ عنوان :