سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ کے تحت رعایتی قیمت پر ویجیٹیبل پروسیسنگ مشینری کی فراہمی کا آغاز

جمعہ 29 جنوری 2016 12:54

اسلام آباد ۔29 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جنوری۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب نے سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ 2015-16 کے تحت رعایتی قیمت پر ویجیٹیبل پروسیسنگ مشینری کی فراہمی کا آغاز کر دیا ۔ اس منصوبہ کے تحت ہر ضلع میں ایک ویجیٹیبل پرو سسینگ مشین فراہم کی جائے گی۔ مشینری میں ٹماٹو پلپر اور ڈی ہائیڈریٹر شامل ہیں ۔منصوبے سے استفادہ کے لیے ایسے کاشتکار / مزارعین درخواست دینے کے اہل ہیں جنہوں نے کم از کم 10 ایکڑ پر ٹماٹر یا 10 ایکڑ پر لہسن / پیاز / مرچ کاشت کی ہو۔

متعلقہ ضلع میں زراعت سے منسلک بزنس مین بھی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ ہر خاندان سے صرف ایک فرد درخواست دینے کا اہل ہے اور خاندان کی تصدیق نادرا ریکارڈ کے مطابق کی جائے گی۔ درخواست دہندہ کے لئے یہ ضروری ہے کہ اس نے پہلے کبھی مرکزی / صوبائی سطح پر اس سہولت سے فائدہ حاصل نہ کیا ہو۔

(جاری ہے)

اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز اور ان کی فیملی، گریڈ 17 اور اوپر کے سرکاری افسران، محکمہ مال و زراعت کے تمام ملازمین درخواست دینے کے اہل نہیں ہیں۔

مشینری کی فراہمی بذریعہ قرعہ اندازی متعلقہ ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن آفیسر کی زیر نگرانی درخواست دہندگان کی موجودگی میں ہوگی۔ خواہشمند حضرات درخواست فارم متعلقہ ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) کے دفتر سے مفت حاصل کرسکتے ہیں یا محکمہ زراعت کی ویب سائٹ www.ext.agripunjab.gov.pk سے ڈاوٴن لوڈ کریں جبکہ مکمل اور تصدیق شدہ درخواستیں متعلقہ ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) کے دفتر میں دستی یا بذریعہ ڈاک 31 جنوری 2016 تک جمع کروائی جا سکتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :