ارجن کپور کا شو ”خطروں کے کھلاڑی“کل نشر ہو گا

جمعہ 29 جنوری 2016 13:02

ارجن کپور کا شو ”خطروں کے کھلاڑی“کل نشر ہو گا

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء)ارجن کپور کا شو ”خطروں کے کھلاڑی“ میں شوبز کی 14 شخصیات شرکت کریں گی، یہ شو(آج) 30 جنوری سے نشر کیا جائے گا-بالی ووڈ اداکار ارجن کپور کا کہنا ہے کہ وہ عموماً لوگوں کے ساتھ فلرٹ کرتے ہیں اور انھیں اس بات سے انکار نہیں، یہ ان کی فطرت ہے لیکن افواہوں کو پھیلنے سے کون روک سکتا ہے۔

بھارتی چینل ”کلرز“ کے رئیلٹی شو ’خطروں کے کھلاڑی‘ کے سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ارجن کپور کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کے ساتھ فلرٹ کرتے ہیں اور یہ ان کی فطرت ہے۔ارجن کپور بہت جلدخطروں کے کھلاڑی کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے۔شو کے حوالے سے ارجن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس میں ایسے کئی دلچسپ کام کیے ہیں جسے دیکھ کر لوگ لطف اٹھائیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شو میں شامل شرکاء کے ساتھ بھی کافی فلرٹ کیا ہے تاہم یہ سب صرف تفریح کے لیے ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ارجن کپور”خطروں کے کھلاڑی“ کے 7ویں سیزن کے ساتھ ٹیلی ویژن پر ڈیبیو کرنے جارہے ہیں، ان سے قبل اکشے کمار، پریانکا چوپڑا اور روہت شیٹی شو کی میزبانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں-شو کے حوالے سے ارجن کا کہنا تھاکہ ٹیلی ویژن ہو یا تھیٹر ایک اداکار کا فرض ہے کہ وہ اپنے شائقین کو ہر طرح سے محظوظ کرے اور اس لیے میں اس شو کا حصہ بنا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ فلمیں تھیٹر میں نہیں دیکھ پاتے وہ بعد میں ان فلموں کو ٹیلی ویژن پر دیکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ٹی وی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔سینیئر اداکار امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور سلمان خان کا ذکر کرتے ہوئے ارجن نے کہاکہ بالی ووڈ کے کئی معروف اور کامیاب اداکاروں نے فلموں کے ساتھ ساتھ ٹی وی پر بھی بہترین کام کیا ہے۔ارجن کپور کے شو ”خطروں کے کھلاڑی“ میں شوبز کی 14 شخصیات شرکت کریں گی، یہ شو 30 جنوری سے نشر کیا جائے گا-