آسکرایوارڈ اور نسل پرستی، امریکی صدر باراک اوبامہ نے بھی رائے کا اظہار کر دیا

جمعہ 29 جنوری 2016 13:09

آسکرایوارڈ اور نسل پرستی، امریکی صدر باراک اوبامہ نے بھی رائے کا اظہار ..

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء)امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری بھی دنیا کی دیگر انڈسٹریز کی طرح اپنا الگ مقام رکھتی ہے۔باراک اوباما نے مقامی ٹیلی ویڑن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری کو بطور امریکہ کی بڑی انڈسٹری ہر کسی کو نمائندگی کاموقع دینا چاہیے۔انکا کہنا تھا کہ ہر کسی کے آگے آنے سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری بہتر طور پر کام کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

علا وہ ازیں جب ہر کسی کو بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کرنے پر نمائندگی دی جائے گی تو وہ خودکو امریکہ کا حصہ خیال کرے گا جو کسی بھی جمہوری ملک کیلئے بے حد ضروری ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ فلم انڈسٹری کو بھی ملک کی کسی بھی دوسری انڈسٹری کی طرح اپنی ترقی اور خوشحالی کیلئے میرٹ پر فیصلہ کرنا چاہیے ، جس میں ہر کسی کو رنگ ، نسل اور مذہب سے بالا تر ہو کر ان کی کارکردگی اور صلاحیتوں کی بنیاد پر آگے آنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ واضح رہے رواں سال بھی گزشتہ برس کی طرح کسی بھی سیاہ فام اداکار کو آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ دریں اثناء متعدد سیاہ فام ستاروں کی طرف سے مذکورہ امتیازی سلوک کی وجہ سے آسکر کا بائیکاٹ کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے