Live Updates

چوہدری نثار کی (ن) ،پی پی میں مک مکا کی تصدیق سے عمران خان کا موقف سچ ثابت ہو گیا ‘ جمشید چیمہ

جمعہ 29 جنوری 2016 16:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کی (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں مک مکا کی تصدیق کے بعد عمران خان کا موقف سچ ثابت ہو گیا ، ایک دوسرے کی کرپشن بچانے اورمفادات لینے والے عوام کیلئے دمادم مست قلندر نہیں کر سکتے ،پی ٹی آئی نے پہلے بھی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کیا آئندہ بھی عوام کے مسائل پر اسمبلیوں کے اندر اور باہر بھرپور آواز بلند کریں گے ۔

اپنے ایک بیان میں جمشید چیمہ نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے لندن میں میثاق جمہوریت کے نام پر جو طے کیا تھا اس کی حقیقت کھل کر عوام کے سامنے آرہی ہے ،اب دونوں جماعتیں قوم کو زیادہ دیر اندھیرے میں نہیں رکھ سکتیں۔

(جاری ہے)

ملک کو موجودہ نہج تک پہنچانے میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی برابر کی شریک ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد نئے جوش اور ولولے کے ساتھ میدان میں آئے گی ۔

پہلے بھی پیپلزپارٹی ، (ن) لیگ اور ان کے حواریوں کا تنہا مقابلہ کیا آئندہ بھی ان کے لئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات سے پی ٹی آئی ایک مضبوط ادارہ بنے گی اور اس کے آئندہ عام انتخابات میں بھی مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی ، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں جبکہ حکومت کی طرف سے لاہور شہر کو انٹر نیشنل سٹی کا درجہ دلوانے کیلئے میٹرو ٹرین منصوبے کی منطق پیش کرنا سمجھ سے بالا تر ہے ۔ میٹرو ٹرین منصوبے کا عوام کی زندگیوں میں بہتری سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اس سے ہزاروں خاندانوں کے سروں سے چھت اور ان کا کاروبار چھین لیا گیا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات