وزیراعظم کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ضرب عضب اور کراچی آپریشن جاری رکھنے کا عزم

جمعہ 29 جنوری 2016 16:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن جاری ر کھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردگھبراہٹ میں معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ پاکستان کے عوام اور حکومت کا مشترکہ عزم ہے، دہشت گردی میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار اور کوششیں قابل تعریف ہیں، دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں اور اقتصادی بہتری سے قوم میں امید پیدا ہوئی ہے،عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر ہوا،معاشی ترقی کا دنیا بھر میں اعتراف کیا جا رہا ہے، ترقی و خوشحالی کا عمل مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار،وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیراعظم کے مشیرخارجہ سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، آصف کرمانی ،عرفان صدیقی ، سینیٹر مشاہد اللہ، رکن قومی اسمبلی کیپٹن(ر) صفدرسمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی، سلامتی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سانحہ چارسدہ کی تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ ، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی، بھارت اور افغانستان کے ساتھ حالیہ معاملہ پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب ، ایران اور ڈیوس پر اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر ہوا ہے، پاکستان کی ترقی کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے،اقتصادی میدان میں کامیابیوں پر حکومت کی معاشی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، دنیا بھر کے بزنس لیڈرز اور قائدین ، حکومت کے معاشی اقدامات کوسراہتی ہے، معاشی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کیلئے حکومت درست سمت میں گامزن ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کو باچا خان یونیورسٹی کے افسوسناک واقعے اور تحقیقات میں پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ پاکستان کے عوام اور حکومت کا مشترکہ عزم ہے، دہشت گردی میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوئے، دہشت گرد اب گھبراہٹ میں معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، دہشت گردوں کو معصوم شہریوں کی زندگیوں سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا، دہشت گرد اب آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کراچی آپریشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔ اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار اور کوششوں کی تعریف کی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں اور اقتصادی بہتری سے قوم میں امید پیدا ہوئی ہے، دہشت گردی کا خاتمہ اور پرامن پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے، ترقی و خوشحالی کا عمل مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔