ایرانی صدرکی فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات،اربوں یوروکے 20معاہدوں پر دستخط

114طیارے خریدنے کی بھی تصدیق،علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال،انسانی حقوق تنظیموں کا حسن روحانی کے خلاف مظاہرہ

جمعہ 29 جنوری 2016 17:22

ایرانی صدرکی فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات،اربوں یوروکے 20معاہدوں پر دستخط

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) ایرانی اور فرانسیسی صدورکے مابین ہونے والی ملاقات میں تجارت کے فروغ کے علاوہ خطے میں قیام امن کے موضوع پر بھی تبادلہ کیاگیا،میڈیارپورٹس کے مطابق جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً چار بجے ایرانی صدر حسن روحانی اپنے میزبان فرانسیسی سربراہ مملکت فرانسو اولانڈ سے ملاقات کرنے ایلیزے پیلس پہنچے۔

ان دونوں سربراہان کی ملاقات کے دوران خطے میں امن کے قیام، خاص طور پر شام اور یمن کے علاوہ دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر اولانڈ اور روحانی کے مابین تقریباً دو گھنٹوں تک جاری رہنے والی ملاقات کے بعد دونوں صدور ایک تقریب میں شریک ہوئے اورتقریباً بیس مختلف معاہدوں پر دستخط کیے ،اس سے قبل روحانی نے پیرس میں ایک فرانسیسی تھنک ٹینک ’آئی ایف آر آئی‘ کے دورے کے دوران کہاکہ ہماری قوم نے گزرے ہوئے ان برسوں کے دوران بہت بھاری بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھایا ہے اور اس دوران بغیر شکایت کیے تین ملین سے زائد مہاجرین کو پناہ بھی دی۔

(جاری ہے)

روحانی نے بتایاکہ شام سے غربت اور جنگ سے فرار ہو کر صرف 10لاکھ افراد گزشتہ برس یورپ پہنچے،تمام تر وسائل اور اثر و رسوخ ہونے کے باوجود یورپی کہہ رہے ہیں کہ اب ہم کیا کریں؟ اس دوران انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ اقتصادی پابندیوں کے باجود تہران حکومت افغانستان اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے مہاجرین کے بحران سے کس طرح نمٹتی رہی ہے،فرانس اور ایران نے ایئر بس کے 114 طیاروں کی فروخت کے منصوبے کی تصدیق بھی کی ۔

اسی طرح دونوں ممالک کے مابین کار سازی کے شعبے میں کئی دہائیوں قبل ہونے والے معاہدوں کی تجدید پر بھی خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔دوسری جانب انسانی حقوق کے کارکنوں نے ایلیزے پیلس کے سامنے حسن روحانی کے دورے کے خلاف احتجاج بھی کیا۔ انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے مطابق اولانڈ اور روحانی دونوں انسانی حقوق کی پامالیوں کے سلسلے میں جواب دہ ہیں۔

اس تنظیم کے بیان کے مطابق حسن روحانی سے ملک میں دی جانے والی موت کی سزاؤں کے علاوہ خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں پوچھا جانا چاہیے۔ دوسری طرف اولانڈ سے پیرس حملوں کے بعد ملک میں نافذ کی جانے والی ہنگامی حالت کے بارے میں جرح کی جانی چاہیے کیونکہ اس سے فرانس میں اظہارِ رائے کی آزادی کے حق کو خطرہ لاحق ہے۔ روحانی اٹلی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد بدھ کے روز فرانس پہنچے تھے۔

متعلقہ عنوان :