ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم کا اصل فوکس عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ہے‘نجم احمد شاہ

حکومت ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم کو بہترسے بہتربنانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے‘ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن

جمعہ 29 جنوری 2016 17:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمدشاہ نے کہا ہے کہ ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم کا اصل فوکس عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے،مریضوں کے علاج و معالجہ میں سب سے اہم کردار نرسز کاہوتا ہے اور معاشرے میں نرسز کی عزت اور احترام ان کی خدمت انسانی کی وجہ سے ہے، حکومت ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم کو بہترسے بہتربنانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے یہ بات ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کے آفس میں نرسنگ ایگزامیشن بورڈکے امتحانات میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی نرسنگ طالبات کو اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نجم احمد شاہ نے کہا کہ وہ نرسنگ کے شعبہ کی ترقی، سروس سڑکچر، تعلیمی معیار کو بہتر بنانے ، اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ اور دیگر تمام امور کو بہتر کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے لیکن ان تمام کوششوں اور اقدامات کا محور عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ہے اور اس مقصد کے حصول میں اپنی خدمات پیش کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ حصول تعلیم کامقصد صرف ڈگری اور پوزیشن لینا نہیں بلکہ تعلیم کا اصل مقصد بہتر انسان بننا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر مختار حسین سید نے کہا کہ نرسنگ کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسز کو پڑھانے والے اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ کے لیے اقدامات ضروری ہیں اور طویل عرصہ سے ترقی کے زیر التواء کیسز کو جلد نمٹایا جائے تاکہ نرسز کی حوصلہ افزائی ہو اور ہر سال تیار ہونے والی نرسز کی تعداد کے حساب سے روز گار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں کنٹرولر نرسنگ ایگزامیشن بورڈ پنجاب زبیدہ زوار خان نے بتایا کہ گزشتہ 2سال کے دوران 2010سے زیر التوا پڑے ڈپلومے جاری کردئیے گئے ہیں اور اب کوئی پینڈنگ کام نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایگزامیشن سسٹم کو آن لائن کردیا گیاہے اور نرسنگ ایگزامیشن بورڈ کی تمام معلومات اور پرفارمے وغیرہ ویب سٹائٹ پر دستیاب ہیں اور نرسنگ طالبات کو رجسٹریشن کے لیے لاہور آنے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ طالبات کی آسانی کے لیے ا متحانی سنٹرز10سے بڑھا کر 17کر دئیے گئے ہیں اور اب دوردراز کی لڑکیوں کو قریبی شہروں میں امتحان دینے کی سہولت میسرآگئی ہے۔ تقریب میں ڈی جی نرسنگ میڈم نصرت سعیدہ کے علاوہ مختلف نرسنگ سکولوں کی پرنسپلز، چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹس ، اساتذہ اور نرسز طالبات کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے ٹاپ پوزیشن ہولڈرنرسز طالبات میں اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کا تعلق چلڈرن ہسپتال لاہور، میوہسپتال، سرگنگارام ہسپتال، لاہور جنرل ہسپتال ، کمبائنڈ ملٹری ہسپتال سی ایم ایچ لاہور، اتفاق ہسپتال، شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان ، ساہیوال اور بہالپور کے نرسنگ سکولوں سے ہے۔

متعلقہ عنوان :