صحت مند اور پڑھی لکھی مائیں ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہیں‘ذکیہ شاہنواز

کئی سالوں سے زچہ و بچہ کی شرح اموات کا گراف نیچے آگیاہے جو خوش آئند بات ہے ‘صوبائی وزیر

جمعہ 29 جنوری 2016 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی اور تحفظ ماحولیات پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے زچہ و بچہ کی شرح اموات کا گراف نیچے آگیاہے جو خوش آئند بات ہے لیکن ملکی ترقی کے لیے دیگر عوامل کا ترقی کرنا بھی ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب خواتین کو تولیدی صحت بارے تمام سہولیات فراہم کررہی ہے اور اس مقصد کے لیے سرکاری ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت ، پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے فیملی ہیلتھ سنٹرز اور فیملی ہیلتھ کلینکس میں خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے پر قابو پانے کے لیے بہبود آبادی کے فیملی ہیلتھ سنٹرز میں لو گوں کو فیملی پلاننگ اور بچوں میں مناسب وقفے کے حوالے سے رہنمائی اور آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند اور پڑھی لکھی مائیں ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ بہبود آبادی کی جاری فیملی پلاننگ سے متعلق آگاہی مہم میں مزید بہتری اور تیزی لائی جارہی ہے۔