سوئٹزر لینڈ کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں ، سوئس ڈپٹی ہیڈ آف مشن

جمعہ 29 جنوری 2016 18:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 جنوری۔2016ء) سوئٹزر لینڈ کی متعدد بڑی کمپنیاں پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں جبکہ مذید نئی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لحا ظ سے ایک بہتر ملک ہے۔ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے اور باہمی تجارت کو فرو غ دینے کے لئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو ملک کر کام کرنا ہے ان خیالات کااظہار پاکستان میں تعینات سوئٹزر لینڈ سفارتخانہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن روجر ایم کل نے اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 19کروڑ سے زائد آباد ی کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ کے طور پر ابھر رہی ہے اور سوئٹزر لینڈ کے سرمایہ کار پاکستان کی مارکیٹ میں پائے جانے والے مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ کی 70 فیصدمعیشت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں پر مشتمل ہے لہذا دونوں ممالک کیلئے اچھا موقع ہے کہ وہ ایس ایم ایز کے مابین بہتر تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کریں جس سے دونوں کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر برادری کو چائیے کہ وہ کاروباری تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے سوئٹزر لینڈ کا دورہ کریں انہوں نے کہا کہ سوئس بزنس کونسل اور پاکستان میں قائم سوئٹزرلینڈ کا سفارتخانہ پاکستانی تاجر برادری کو سوئٹزر لینڈ کی تاجر برادری کے ساتھ براہ راست روابط استوار کرنے میں سہولت فراہم کرے گا تاکہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان بہتر تعلقات قائم کرکے دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا اگرچہ پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے مابین باہمی تجارت میں بہتری آئی ہے کیونکہ 2002-03 میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت 89.24 ملین امریکی ڈالر تھی جو 2014-15 تک بڑھ کر 301.37 ملین ڈالر ہو گئی ہے تاہم ابھی بھی باہمی تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے جس کو بہتر کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت کا توازن زیادہ تر سوئٹزر لینڈ کے حق میں ہے کیونکہ 2014-15 میں پاکستان کے لئے سوئٹزر لینڈ کی برآمدات 288.19 ملین امریکی ڈالر کی تھیں۔ لہذا انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو متوازن بنانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ سوئس مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کو مزید آسان رسائی فراہم کی جا ئے تاکہ پاکستان بھی سوئٹزر لینڈ کے ساتھ اپنی برآمدات کو مزید فروغ دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے معیشت کے تمام اہم شعبوں میں سرمایہ کاروں کیلئے بیشمار مواقع پیدا ہوں گے لہذا یہی مناسب وقت ہے کہ سوئٹزر لینڈ کی مذید کمپنیاں پاکستان میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری قائم کرنے کے لئے کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزر لینڈکی ٹیکسٹائل، فلور ملنگ اور ادویات سمیت دیگر شعبوں کی ٹیکنالوجی و مشینری پاکستان میں کافی مقبول ہے انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سوئس مینوفیکچررز کو چائیے کہ وہ پاکستان میں اپنے پیدواری پلانٹس لگانے پر غور کریں جس سے وہ نہ صرف پاکستان کی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں بلکہ علاقائی ممالک کو بھی اپنی مصنوعات برآمد کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر شیخ پرویز احمد، نائب صدر شیخ عبدالوحیداور دیگر تاجروں نے بھی اس موقع پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے مابین باہمی تجارت اور معاشی تعلقات میں مذید بہتری لانے کے لئے مفید تجاویز دیں ۔

متعلقہ عنوان :