عوام حکمرانوں کی ناا ہلیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں،سازش کے تحت پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کی کوشش کی جارہی ہے

مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن فیض الرحمن درانی کا جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 29 جنوری 2016 21:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ بداعمال حکمران ،قتل و غارت گری ، دہشتگردی اور خوف و ہراس عذاب کی شکل اختیار کیے ہوئے ہیں،جنوبی ایشیاء میں پاکستانی عوام حکمرانوں کی نااہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہے ہیں اور سازش کے تحت پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام معیشت میں کوئی بھوکا رہ سکتا ہے نہ ملک مقروض ہو سکتا ہے مگر مغربی سرمایہ دارانہ معاشی نظام کے محافظ حکمرانوں نے امت مسلمہ کے ہر فرد کو قرضوں کے جال میں جکڑ دیا۔باصلاحیت افرادی قوت کرشماتی نعمتوں کے باوجود ملک بھوک اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

تھرپارکر سمیت ملک کے کئی شہروں میں بھوک کی فصل اگ رہی ہے،روزانہ معصوم بچے علاج اور خوراک نہ ہونے کی وجہ سے موت کے منہ میں جارہے ہیں،یہ سارے عذاب جو قوم پر مسلط ہیں اجتماعی بداعمالیوں کا نتیجہ ہیں،وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ جو حکمران حرص و حوص کا شکار ہو جائیں ،غریب سے اس کے بچوں کا نوالہ چھین لیں، بے گناہوں کا قتل عام کریں،وہاں ایسے عذاب آیا ہی کرتے ہیں،حکمرانوں نے ماڈل ٹاؤن میں 14 بے گناہوں کو شہید کیا،90 لوگوں کو شدید زخمی کر کے عمر بھر کیلئے معذور بنادیااور پھر انصاف کے حق سے محروم کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ظلم پر خاموشی اختیار کرنے والے بھی اﷲ کی عدالت میں جوابدہ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ حضور ؐ کا فرمان ہے جس معاشرے میں ظلم ہو اور یتیم کا حق مارا جائے اﷲ تعالیٰ اس معاشرے سے برکت اٹھالیتا ہے۔انہوں نے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کو ’’ضرب امن‘‘ کا آغاز کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو انتہا پسندی کی گمراہی سے بچانے کی کوششیں عظیم جہاد ہیں۔

متعلقہ عنوان :