سرکاری سکول بند کر کے دہشتگردوں کے ایجنڈے کی تکمیل کی گئی،عمرریاض عباسی

جمعہ 29 جنوری 2016 21:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء)پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمرریاض عباسی نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا خون بہانے والے حکمران دہشتگردوں کے سامنے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں، سرکاری سکول بند کر کے دہشتگردوں کے ایجنڈے کی تکمیل کی گئی۔ امن کی جانب بڑھتا ہوا ملک آپریشن ضرب عضب اور فوجی جوانوں کی قربانیوں کا مرہون منت ہے۔

دہشت گردحکمرانوں سے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کی توقع رکھنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میڈیاسیل میں ابراررضا،فاروق بٹ،اجمل چوہدری،احسان اﷲ سیال،عبدالواضد بٹ،شیخ اقبال،سردار محمد علی لاشاری،مصطفی خان،اختر راجہ،قاری ایاز،مبشر رندھاوا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مک مکا کی سیاست اور باریوں کے نظام نے جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت کو جنم دیا، ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنے کے دوران جتنے بھی حقائق بیان کیے تھے آج ایوانوں کے اندر سے اس کی تصدیق ہورہی ہے،انہوں نے تعلیمی ادارے کھلے رکھنے پر خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ سردی کی آڑ لے کر پنجاب حکومت کا سکول بند کرنے سے متعلق جھوٹ صوبہ کے 10 کروڑ عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی دولت اورنج لائن یا میٹرو بسوں کی دیواریں اونچی کرنے کی بجائے سکولوں کی دیواریں اونچی کرنے اور سکیورٹی گارڈ مہیا کرنے پر خرچ کی جائے۔قومی ایکشن پلان پر دستخط کرنے والے اسے سبوتاژ کرنے کیلئے فرینڈلی فائر میں مصروف ہیں اور قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔