لندن،ملالہ یوسفزئی آئندہ ہفتے شامی بچوں کی فلاح وبہبود کیلئے فنڈ ریزنگ مہم کا افتتاح کریں گی

ہفتہ 30 جنوری 2016 13:08

لندن،ملالہ یوسفزئی آئندہ ہفتے شامی بچوں کی فلاح وبہبود کیلئے فنڈ ریزنگ ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء) عالمی ایوارڈ یافتہ ملالہ یوسف زئی شامی بچوں کی تعلیم اور صحت کے لئے آئندہ ہفتے لندن میں فنڈ ریزنگ مہم کا افتتاح کر یں گی اس مہم کے تحت 1 ارب 40 کروڑ ڈالر کی امداد جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام کے لیے امداد دینے والے ممالک کے مندوبین آئندہ ہفتے لندن میں جمع ہوں گے، اجلاس میں ملالہ بھی شرکت کریں گی۔

ڈونر کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے ”چائنگ ڈاٹ اورگ“ ویب سائیٹ پر ایک پٹیشن بھی پوسٹ کی گئی ہے جس پر 65 ہزار افراد کے دستخط ثبت ہیں۔ اس پٹیشن میں ایک شامی پناہ گزین بچی مزون الملیحان کی جانب سے عالمی برادری اور امداد دینے والے ملکوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آئندہ تین سال کے دوران شامی بچوں کی تعلیم کے لیے سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کی قم مختص کریں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ منگل کو عالمی ادارہ اطفال ”یونیسیف“ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ سنہ 2016ء کے دوران شام میں جنگ سے متاثرہ بچوں کے لیے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی مالی امداد درکار ہوگی۔شام میں جنگ سے متاثرہ افراد کی امداد کے حوالے سے آئندہ جمعرات کو لندن میں پانچ بڑے ملکوں کا اہم اجلاس ہورہا ہے۔ اجلاس میں شام کے اندر بے گھر ہونے والے 13 ملین لوگوں اور اور لبنان اور اردن میں پناہ حاصل کرنے والے 42 لاکھ شامی پناہ گزینوں کی امداد پر غور کیا جائے گا۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ شامی پناہ گزینوں کے لیے 8.4 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا تھا مگر اس میں سے اب تک صرف 3.3 ارب ڈالر ہی جمع کیے جا سکے ہیں۔ لندن میں ہونے والی عالمی ڈونر کانفرنس میں ملالہ یوسف زئی اور شامی پناہ گزین لڑکی مزون الملیحان بھی شرکت کرے گی۔

متعلقہ عنوان :