سیاسی عزم اور قومی اتفاق رائے سے پولیو کے وائرس کی بیماری پر قابو پا لیں گے ٗسائرہ افضل تارڑ

پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کی دوڑ میں ہر ایک نے حصہ لیا ہے ٗ سینیٹر عائشہ رضا رفاروق

ہفتہ 30 جنوری 2016 20:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جنوری۔2016ء) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ سیاسی عزم اور قومی اتفاق رائے سے پولیو کے وائرس کی بیماری پر قابو پا لیں گے، حکومت پاکستان اور گلوبل پولیو اریڈیکشن انیشی ایٹو شراکت داروں کی کوششوں سے حالیہ سالوں میں پولیو کے خاتمہ بارے کارکردگی میں بہتری آئی ہے ۔

وہ ہفتہ کو پولیو کے بارے میں ماہرین کے ٹیکنیکل مشاورتی گروپ کے اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جانے والے بچوں کے حوالہ سے مجموعی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ پولیو کے خاتمہ بارے وزیراعظم کی فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کی دوڑ میں ہر ایک نے حصہ لیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکنیکل اور آپریشنل اور ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے ملک بھر سے پولیو وائرس ختم کرنے کے تاریخی موقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے چیئرمین جین مارک اولیو نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جانے والے بچوں کو تلاش کر کے انہیں پولیو کے قطرے پلانے اور حفاظتی ٹیکے لگانے کے حوالہ سے صورتحال تبدیل ہوئی تمام سطحوں پر مینجمنٹ اور قیادت کی طرف سے بھرپور نگرانی احتساب اور سکیورٹی فورسز کا عزم مہموں کے دوران پولیو کارکنوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوا اور پولیو کے قطرے پلانے کی مہمیں کامیاب رہیں۔

ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ (ٹیگ) نے نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان کی آئندہ مہینوں میں تیاری کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ 2016ء کے وسط میں اجلاس بلا کر پولیو خاتمہ کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :