پیپلز پارٹی مخالف الائنس نے اپنے اتحاد کو گرینڈ ڈیمو کریکٹ الائنس کا نام دیدیا

سندھ کو بچانے کے لئے یہ اتحاد قائم کیا گیا ہے ۔ سندھ کے لوگوں کے دکھوں کے مداواے کے لئے باہر نکلیں گے، پیر صدر الدین شاہ راشدی کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 30 جنوری 2016 22:42

پیپلز پارٹی مخالف الائنس نے اپنے اتحاد کو گرینڈ ڈیمو کریکٹ الائنس کا ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جنوری۔2016ء) سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف سیاسی جماعتوں نے اپنے اتحاد کو گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا نام دیتے ہوئے سندھ میں کرپشن،بیڈ گورننس اور تھر میں بچوں کی اموات پر سندھ حکومت کی فوری برطرفی اور صوبے میں نگراں حکومت کے قیام کامطالبہ کردیا ہے۔اتحاد کی جانب سے طے کیا گیا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران سندھ میں ایک بڑا عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا اور سندھ حکومت کے خلاف مرحلہ وار سیاسی تحریک چلائی جائے گی تاکہ سندھ کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔

گرینڈ الائنس میں شامل سیاسی جماعتوں کا ایک اہم اجلاس ہفتہ کو مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر پیر صدرالدین شاہ راشدی کی قیام گاہ پر منعقد ہوا جس میں پیر صدر الدین شاہ راشدی ،ایاز لطیف پلیجو ،ذوالفقار مرزا،غوث علی شاہ ،ممتاز بھٹو ،جلال محمود شاہ ،ارباب رحیم ،حکیم بلوچ ،علام مرتضی جتوئی ،مظفر شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے مختصراً گفتگو کرتے ہوئے اپوزشن رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ اتحاد سندھ حکومت کے خاتمے کے لئے بنایا ہے انہوں یہ بھی مطالبہ کیا کہ سندھ میں فوج کی زیر نگرانی مردم اور خانہ شماری کا عمل مکمل کرایاجائے گا۔

اپوزیشن زرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ سندھ کو بچانے کے لئے یہ اتحاد قائم کیا گیا ہے ان کا کہنا تھاکہ سندھ کے لوگوں کے دکھوں کے مداواے کے لئے باہر نکلیں گے انہوں نے بتایا کہ ایاز لطیف پلیجو اتحادکے ترجمان ہوں گے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ سندھ سے اربوں روپے باہر منتقل کئے جاچکے ہیں اور کرپشن اپنی آخری حدوں کو چھو رہی ہے۔

انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ لوٹ مار، کرپشن اور دھاندلی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ سندھ کے سابق گورنر اور وزیر اعلیٰ ممتاز بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارا اتحاد سندھ کے عوام کی ترجمانی اور کرپشن کے خلاف جدو جہد کرے گا اور سندھ میں حکمراں جماعت کی لوٹ مار پر خاموش نہیں رہیں گے۔سندھ کے ایک دوسرے سابق وزیر اعلیٰ سید غوث علی شاہ کا کہنا تھا کہ گرینڈ ڈیموکرٹیک الائنس کے پیغام کو سندھ کے کونے کونے تک پہنچائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے حالات بہت خراب ہیں اس صورتحال پر مزید خاموش نہیں رہا جاسکتا۔ لیاقت جتوئی کا کہنا تھا کہ 2013ء کے الیکشن دھاندلی زدہ تھے اور پیپلز پارٹی نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار نے کہا کہ عذیر بلوچ کے انکشافات کے بعد اب امریکہ میں موجود لوگوں کے ہاتھوں میں بھی اب ہتھکڑیاں لگیں گی انہوں نے کہا کہ عذیر بلوچ کو اپنا بھائی سمجھتا ہوں اور آئندہ بھی بھائی سمجھتا رہوں گا، مجھ سے جو ہوسکا اس کے لئے کروں گا انہوں نے کہا کہ عذیر کو واپس لانے پر چوہدری نثار اور رینجرز کا شکرگزار ہوں، عذیر کی ہر طرح سے قانونی اور اخلاقی مدد کروں گا۔

واضح رہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سندھ کے پانچ سابق وزرائے اعلیٰ ممتاز بھٹو، سید غوث علی شاہ، ارباب رحیم، ، لیاقت جتوئی اورسیدمظفر حسین شاہ کے علاوہ دو وفاقی وزرائپیر صدر الدین شاہ راشدی اور مرتضیٰ خان جتوئی بھی شامل ہیں او راپوزیشن رہنما اتحاد کے قیام کے تین ہفتے بعداسے ایک نام دینے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :