آنے والے دنوں میں تین لاکھ سے زائد پاکستانی عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے

اتوار 31 جنوری 2016 15:00

آنے والے دنوں میں تین لاکھ سے زائد پاکستانی عمرہ کی سعادت حاصل کریں ..

جدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 جنوری۔2016ء) سعودی عرب کی حکومت نے رواں عمرہ سیزن کے دوران 21 لاکھ 82 ہزار ویزے جاری کئے۔ سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک سے عمرے کے لئے آنے والے مسلمانوں کو مجموعی طور پر 21 لاکھ 82 ہزار کے قریب ویزے جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں سے 18 لاکھ کے قریب افراد سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید پانچ لاکھ افراد آنے والے دنوں میں مملکت کو پہنچ جائیں گے۔ آنے والے معتمرین میں مصر اور پاکستان سرفہرست ہیں۔ مصر سے 4 لاکھ 55 ہزار اور پاکستان سے 3 لاکھ 33 ہزار کے قریب زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ حج اور عمرہ کمیٹی کے سربراہ مروان شعبان نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں رواں سال عمرے کیلئے آنے والے افراد کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔