پاکستان میں سماجی تعلیم کے فروغ اور ترویج میں انٹریونیورسٹی کنسورشیم کی خدمات قابل تحسین ہیں ، ڈاکٹر احسان علی

اتوار 31 جنوری 2016 17:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 جنوری۔2016ء) ملک بھرکی جامعات کے مابین سماجی علوم کی ترویج کے لیے قائم کردہ کنسورشیم ( انٹریونیورسٹی کنسورشیم فار پروموشن آف سوشل سائنسز)کی سماجی خدمات کے اعتراف میں سال2016ء کا سو ک ایجوکیشن ایوارڈ تفویض کیا گیاہے ۔ اس بات کا اعلان گزشتہ روز سنٹر فار سو ک ایجوکیشن پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ قومی کانفرنس میں دیا گیا، کانفرنس کا عنوان ”حقوق پر مبنی پاکستانی مستقبل کا بیانیہ“ تھا ۔

مذکورہ ایوارڈ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان علی نے نیشنل کوآرڈینیٹرمرتضیٰ نور کے ہمراہ وصول کیا۔سوک ایجوکیشن پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ظفراللہ خان ،چیئرمین نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس جسٹس ریٹائرڈ علی نواز چوہان ، وائس چانسلر ڈاکٹر احسان علی وہ دیگر تعلیمی و سماجی شخصیات بھی اس موقع پرموجود تھیں۔

(جاری ہے)

قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سوک ایجوکیشن پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ظفراللہ خان نے پاکستان میں سماجی تعلیم کے فروغ اور جامعات میں سماجی علوم کی ترویج میں انٹریونیورسٹی کنسورشیم کی خدمات کو سراہا ۔ڈاکٹر احسان علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان عظیم تہذیب کی سرزمین ہے جس کے لوگ سخت محنتی ہیں اور پاکستانی کلچر معروف ہے۔ واضح رہے سوک ایجوکیشن ایوارڈ کا اجراء سنٹر فار سوک ایجوکیشن پاکستان نے کیاہے جو پاکستان میں تعلیمی و سماجی علوم کی ترویج میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تعلیمی ماہرین ، اداروں اور نوجوانوں کو دیا جاتاہے یہ ایوارڈ ہر سال دیا جاتاہے ۔

ملک بھر کے تعلیمی حلقوں نے انٹریونیورسٹی کنسورشیم فار پروموشن آف سوشل سائنسزکو سوک ایوارڈ کے حصول پر مبارکباددی ہے۔

متعلقہ عنوان :