سعید اجمل پاکستان سپر لیگ میں بہترین کارکردگی کیلئے پرامید

پیر 1 فروری 2016 16:55

سعید اجمل پاکستان سپر لیگ میں بہترین کارکردگی کیلئے پرامید

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم فروری۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرکے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے پْرامید ہیں۔سعید اجمل پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ تکنیکی خامیوں پر قابو کرنے کے لیے کام کرچکے ہیں اور پرانا دبدبہ حاصل کرلیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ " مجھے اچھا پلیٹ فارم مل گیا ہے اور اپنے مقاصد پر کام کررہاہوں، اور پی ایس ایل میں پرانا سعید اجمل نظر آئے گا"۔انھوں نے کہا کہ" جب میں بنگلہ دیش کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آیا تھا تو اس وقت میری میچ پریکٹس نہیں تھی. مجھے کچھ وقت درکار تھا جو کہ اب مجھے ملا ہے اور میں خود کو ثابت کرنے کے قابل ہوا ہوں"۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ" بہت سے مسائل تھے، میرا بازو زیادہ گررہا تھا جس پر میں کام کرچکا ہوں جبکہ اپنے اہم ہتھیار اور دوسرا کے ساتھ ساتھ آرم بال پر بھی گرفت حاصل کرلی ہے۔سعید اجمل کے دعووٴں کے باوجود اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہ پی ایس ایل میں ٹیم کے ساتھی اسپنر ویسٹ انڈیز کے سیموئل بدری کے مقابلے میں کھیلنے کے لیے جگہ پاسکیں گے یا نہیں جبکہ بدری اس وقت ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں نمبر ایک باوٴلر ہیں تاہم یاسر شاہ کے ڈوپنگ کے مسئلے پر پابندی کے بعد سعید اجمل کی قومی ٹیم میں واپسی کے لیے دروازے بھی کھلے ہیں۔

متعلقہ عنوان :