خورد و نوش کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت 3.32 فیصد اضافہ

پیر 1 فروری 2016 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم فروری۔2016ء) ملک میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت 3.32 فیصد ریکارڈ اضافہ کیا گیا ۔ چینی کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران 6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ اس وقت آلو کی قیمت بیس روپے کلو ہے مردم شماری کے لئے 14 ارب 5 کروڑ روپے جاری ہو چکے ہیں ۔ فوجیوں کی تعیناتی کے حوالے سے ابھی بات چیت چل رہی ہے جیسے ہی مکمل ہو گی مردم شماری کے لئے تاریخ دے دی جائے گی ۔

پیر کے روز چیف شماریات آصف باجوہ نے بیورو شماریات میں ماہانہ بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں اشیاء کی خورد و نوش کی قیمتوں میں جنوری 2015 کی نسبت جنوری 2016 میں 3.32 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ پیاز کی قیمت میں 80 فیصد ، دال ماش 52 فیصد ، بیسن 49 فیصد ، چائے 31 فیصد ، سگریٹ 25 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت 10 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ ٹماٹر کی قیمت میں 27 فیصد ، آلو 29 فیصد ، چاول 15 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی رواں مالی سال 2015-16 کے ابتدائی سات ماہ میں دال چنا کی قیمت میں 50.63 فیصد ، بیسن 44.50 فیصد ، پیاز 40.63 فیصد ، دال ماش 31.60 ، چائے 24.97 فیصد اور سگریٹ 19.35 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ٹماٹر کی قیمت میں سات ماہ کے دوران 52.23 فیصد ، کوکنگ آئل 14.72 فیصد ، چاول 14.68 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 10.76 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

اسی طرح دسمبر 2015 کے مقابلے میں جنوری 2016 میں مہنگائی کی شرح میں 0.21 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ایک ماہ کے دوران چینی کی قیمت 5.98 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ تازہ فروٹ میں 5.24 فیصد ، چکن 3.03 فیصد ، دال ماش 2.89 فیصد اور خشک فروٹ میں 1.12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ایک ماہ کے دوران نو فوڈ ایٹمز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ گاڑیوں کی قیمت 1.44 فیصد بڑھ گئیں ۔ میرج ہال کے اخراجات میں 1.23 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کے لئے حکو مت نے 14 ارب 5 کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں ۔ مردم شماری میں فوجیوں کی تعیناتی کے حوالے سے ابھی بات چیت چل رہی ہے ۔ جیسے ہی بات چیت فائنل ہو گی مردم شماری کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا