پیپلزپارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی مناسب قیمتیں کم نہ کرنے پر سینیٹ میں تحریک التوا جمع کرادی

پیر 1 فروری 2016 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے پٹرولیم مصنوعات کی مناسب قیمتیں کم نہ کرنے پر سینیٹ میں تحریک التوا جمع کرائی ہے۔ اس تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اوگرا کی جانب سے کی گئی سفارش کی بنیاد پر قیمتیں کم نہ کرنے سے فوری نوعیت کا عوامی اہمیت کا مسئلہ کھڑا ہوگیا ہے ،جس پر بحث کرائی جائے۔

اوگرا نے حال ہی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں11روپے فی لٹرکمی کا مشورہ دیا تھا۔ تاہم حکومت نے صرف پانچ روپے فی لٹر کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر جانے کے باوجود حکومت نے تیل کی قیمتیں کم نہیں کیں۔ تحریکِ التوا میں کہا گیا ہے کہ ملک میں افراطِ زر اور بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں بھی مستقل اضافہ ہورہا ہے اور عوام کو توقع تھی کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں گر جانے سے انہیں ریلیف دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ جائز توقعات تھیں لیکن حکومت نے یہ غیر منطقی فیصلہ کرکے عوام کو ریلیف نہیں دیا اور عوام میں سخت مایوسی پھیل رہی ہے۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ یہ عوامی نوعیت کا فوری مسئلہ ہے، اس پر بحث کی جائے اور حکومت کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنے کے لئے مجبور کیا جائے تاکہ عوام میں پھیلی ہوئی بددلی اور مایوسی کا خاتمہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :